Tuesday , December 12 2017
Home / عرب دنیا / فرانس حملہ : دولت اسلامیہ کے حامیوں میں مسرت کی لہر

فرانس حملہ : دولت اسلامیہ کے حامیوں میں مسرت کی لہر

قاہرہ ۔ 15 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) دولت اسلامیہ کے حامیوں نے فرانس میں ایک اور حملے پر سوشیل میڈیا پر اپنی مسرت کا اظہار کیا جہاں باسٹیل ڈے کے موقع پر چونکہ قومی تعطیل تھی اور آتشبازی کا پروگرام دیکھنے سینکڑوں افراد جمع تھے، وہاں کسی جنونی نے ایک تیز رفتار ٹرک ہجوم میں گھسا دیا جس میںکم و بیش 80 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد 100 بتائی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ٹرک ڈرائیور نے جس وقت ہجوم پر ٹرک چڑھایا اس وقت آخری 100 میٹر طئے کرنے کیلئے اس نے رفتار انتہائی تیز کردی تھی۔ فرانس کے شہر نائس میں پیش آئے واقعہ پر دولت اسلامیہ کے حامی خوشیاں منا رہے ہیں۔ اسی دوران وہاں ریڈالرٹ جاری کرتے ہوئے شہر کے عوام کو اپنے اپنے مکانات میں رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ یاد رہیکہ نائس شہر اٹلی کی سرحد کے قریب واقع ہے۔ تقریباً 8 ماہ قبل دولت اسلامیہ کے دہشت گردوں نے پیرس میں 130 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔ صرف اتوار کی ہی بات ہے جب فرانس نے یورو 2016ء فٹبال ٹورنمنٹ کے بخیروخوبی اختتام پذیر ہونے پر سکون کی سانس لی تھی۔ دریں اثناء پاکستان نے فرانس کے شہر نائس میں کئے گئے انوکھے حملے کی شدید مذمت کی ہے اور اسے ایک بزدلانہ کارروائی سے تعبیر کیا۔ مرد و خواتین اور بچوں پر ایک ایسے وقت حملہ کرنا یا انہیں ٹرک کے نیچے کچل دینا کوئی بہادری کا کام نہیں ہے جس وقت وہ لوگ تعطیلات کے دوران آتش بازی کے ایک پروگرام سے لطف اندوز ہورہے تھے اور انہیں یہ شائبہ تک نہیں تھا کہ موت ان کے پیچھے کھڑی ہے۔ اس موقع پر پاکستانی دفترخارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ہماری تمام تر ہمدردیاں فرانسیسی عوام کے ساتھ ہیں۔ ہم مہلوکین کے خاندان کے ساتھ اظہارتعزیت کرتے ہیں اور زخمیوں کے جلد شفایاب ہونے کی دعا کرتے ہیں۔ دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان فرانس کے ساتھ اظہاریگانگت کرتا ہے۔

TOPPOPULARRECENT