Friday , November 24 2017
Home / Top Stories / فرانس کے نو منتخبہ صدر میکرون کی فتح ریالی

فرانس کے نو منتخبہ صدر میکرون کی فتح ریالی

نوجوان نسل کو نئے صدر سے کافی توقعات وابستہ
پیرس ۔ 8 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : فرانس کے نو منتخبہ صدر ایمانیول میکرون کے حامیوں نے آج زبردست جوش و خروش کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی پرچموں کے ساتھ ایک زبردست ریالی کا اہتمام کیا ۔ ایمانیول میکرون نے لورے میوزیم کے احاطہ میں یوروپی قومی ترانہ کی سماعت کی ۔ یاد رہے کہ احاطہ میں موجود شیشے کا اہرام ساری دنیا میں مشہور ہے ۔ جہاں 39 سالہ میکرون کی فتح کے بعد اسے سنہری قمقموں سے سجایا گیا تھا ۔ انہوں نے وہاں موجود ہجوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج فرانس کی جیت ہوئی ہے ۔ میکرون کی طرح ان کے حامی بھی نسبتاً نوجوان ہیں اور ان سب نے میکرون کی تحریک ’ اِن مارش ‘ ( آگے کی طرف گامزن ) کے پیغام والے ٹی شرٹس زیب تن کر رکھے تھے ۔ وہاں موجود ایسے سینکڑوں لوگ تھے جو میکرون کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے لیمپ پوسٹوں پر چڑھ گئے تھے ۔ میکرون نے اپنی خاتون حریف میرین لی چین کو شکست دی ۔ ریالی میں حصہ لینے والے بار بار ’ پریسیڈنٹ میکرون ، پریسڈنٹ میکرون ‘ کے نعرے لگا رہے تھے جنہوں نے اپنے ہاتھوں میں فرانسیسی پرچم تھام رکھے تھے ۔ سڑکوں پر چلر کاروبار کرنے والوں کی چاندی ہوگئی جہاں کولڈرنکس خریدنے والوں کا ہجوم تھا جب کہ بعض چلر فروش فرانسیسی اور یوروپی یونین کے پرچم بھی فروخت کرتے دیکھے گئے ۔ ایک نوجوان نے کہا کہ میکرون اس وقت فرانسیسی عوام کی نئی امید ہیں ۔ ان کا موقف آج ویسا ہی ہے جیسا کہ آٹھ سال قبل سابق امریکی صدر بارک اوباما کا تھا ۔ اس موقع پر سینکڑوں صحافیوں کو بھی ریالی کے مقام پر پہنچنے میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا ۔

TOPPOPULARRECENT