Tuesday , December 12 2017
Home / جرائم و حادثات / فرضی ای میل سے لڑکی کو ہراساں کرنے والا ملزم گرفتار

فرضی ای میل سے لڑکی کو ہراساں کرنے والا ملزم گرفتار

راچہ کنڈہ سائبر کرائم ونگ کی بیدر میں کارروائی
حیدرآباد۔/22ستمبر، ( سیاست نیوز) میل ہائیک کرنے کے بعد فرضی شناخت سے ہراساں کرنے والے ایک نامراد عاشق کو راچہ کنڈہ پولیس کی سائبر کرائم ونگ نے گرفتار کرلیا۔ انسپکٹر سائبر کرائم راچہ کنڈہ مسٹر محمد ریاض الدین نے بتایا کہ پولیس نے 27سالہ ویریش خانہ پوری کو بیدر سے گرفتار کرلیا جس نے ای میل آئی ڈی کو ہائیک کرنے کے بعد فرضی آئی ڈی تیار کرتے ہوئے شکایت گذار کو ہراساں کررہا تھا۔ اس نے شکایت گذار اور اپنی ساتھی سابقہ محبوبہ کی تصاویر تیار کرتے ہوئے ان تصاویر سے دھمکارہا تھا۔ انسپکٹر نے بتایا کہ خاطی ویریش نے شکایت گذار کا میل آئی ڈی اور فیس بک ہائیک کرلیا اور فرضی آئی ڈی تیار کرتے ہوئے شکایت گذار کے میل سے دستیاب تصاویر کی مارفنگ کی اور انتہائی بیہودہ انداز میں تصاویر کو تیار کیا۔ شکایت گذار کی جس لڑکی سے شادی ہونے والی تھی وہ لڑکی ویریش کی سابقہ ساتھی تھی جو اس سے یکطرفہ محبت کرتا تھا۔ اس بات سے وہ شادی میں مبینہ رکاوٹ بھی پیدا کررہا تھا۔ جبکہ شکایت گذار سے خاطی کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ اس نے فرضی آئی ڈی سے دھمکانا شروع کیا اور دو تصاویر نازیبا الفاظ کے ساتھ شکایت گذار کو روانہ بھی کررہا تھا۔ شکایت کے فوری بعد حرکت میں آتے ہوئے راچہ کنڈہ پولیس سائبر کرائم نے اس خاطی کو بیدر سے گرفتار کرلیا اور مصروف تحقیقا ت ہے۔

کوکٹ پلی میں قفل شکنی کی
سنگین واردات
حیدرآباد۔/22ستمبر، ( سیاست نیوز) کوکٹ پلی کے علاقہ میں قفل شکنی کی سنگین واردات پیش آئی ۔ جہاں نامعلوم افراد نے جے رامی ریڈی کے مکان واقع وجئے نگر کالونی کوکٹ پلی میں سرقہ کرتے ہوئے تقریباً 20تولہ طلائی زیورا ت اور ایک کیلو چاندی کا سرقہ کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ریٹائرڈ ملازم جے رامی ریڈی اپنے افراد خاندان کے ہمراہ وجئے واڑہ گئے ہوئے تھے۔ ان کے مکان میں قفل شکنی کو دیکھ کر ان کے پڑوسی نے مالک مکان ریڈی کو اطلاع دی اور اس شخص نے اپنے رشتہ دار کے ذریعہ پولیس میں شکایت کروائی۔ پولیس کوکٹ پلی ہاؤزنگ بورڈ نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔

TOPPOPULARRECENT