Friday , September 21 2018
Home / جرائم و حادثات / فرضی رہزن گرفتار ، رقم سرقہ ہونے کا بہانہ آشکار

فرضی رہزن گرفتار ، رقم سرقہ ہونے کا بہانہ آشکار

ملزم کا تفتیش پر اعتراف جرم ، نارائن گوڑہ پولیس سے معمہ حل
حیدرآباد ۔ /17 جنوری (سیاست نیوز) نارائن گوڑہ پولیس نے ایک فرضی رہزنی کے معمہ کو اندرون 24 گھنٹے حل کرتے ہوئے ایک ملازم کو گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 25 سالہ محمد فہیم الدین ساکن امان نگر یاقوت پورہ جو برائیٹننگ گیس سرویس سنتوش نگر کا ملازم ہے کو وہاں کے منیجر آر گوپی پرکاش نے دو لاکھ روپئے دیئے اور اس رقم کو ریڈی کالج نارائن گوڑہ کے قریب کرشنا ریڈی کے حوالے کرنے کیلئے کہا ۔ رقم کی حوالگی کے بجائے فہیم الدین نے منیجر کو فون کرکے یہ بتایا کہ دو نامعلوم افراد کی جانب سے اس کے پاس موجود نقد رقم لوٹ لی گئی ہے ۔ پولیس نارائن گوڑہ نے اس سلسلے میں شکایت موصول ہوتے ہی فوری خصوصی ٹیم موقع واردات پر پہونچی اور سی سی ٹی وی ریکارڈنگ کے علاوہ مقامی عوام سے بھی رہزنی کے واقعہ سے متعلق معلومات حاصل کی لیکن پولیس کو اس دعوے میں سچائی نہ دکھنے کے نتیجہ میں محمد فہیم الدین کو حراست میں لیکر تفتیش کی گئی جس میں اس نے یہ انکشاف کیا کہ رہزنی کا دعویٰ کرتے ہوئے وہ نقد رقم ہڑپنا چاہتا تھا ۔ اسسٹنٹ کمشنر پولیس عابڈس مسٹر کے بھیکشم ریڈی نے بتایا کہ /16 جنوری کو فہیم الدین نے اپنے منیجر کو بذریعہ فون یہ دعویٰ کیا کہ اس کے پاس موجود نقد رقم کو لوٹ لیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ منیجر سے رقم حاصل کرنے کے بعد فہیم الدین نے دبیر پورہ کے ساکن ایک دوست سید لیئق کو دو لاکھ روپئے نقد رقم حوالے کرتے ہوئے کہا کہ وہ کچھ ضروری کام سے جارہا ہے اور اس رقم کو محفوظ رکھے ۔ پولیس نے تفتیش کے دوران فہیم الدین کے رہزنی کے دعویٰ کو غلط پایا اور اس کے قبضے سے نقد رقم ایک موٹر سائیکل اور اس کا موبائیل فون برآمد کرتے ہوئے عدالت میں پیش کیا اور بعد ازاں اسے جیل منتقل کردیا گیا ۔

 

برقی شاک کا شکار نوجوان کی موت
حیدرآباد /17 جنوری ( سیاست نیوز ) برقی مرمتی کام کے دوران برقی شاک کی زد میں آکر ایک شخص ہلاک ہوگیا ۔ یہ واقعہ مائیلاردیوپلی پولیس حدود میں پیش آیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق 41 سالہ سید عتیق جو فلک نما اچی ریڈی نگر علاقہ کا ساکن تھا پیشہ سے الیکٹریشن بتایا گیا ہے ۔ یہ شخص برقی مرمت کیلئے محمدیہ کالونی آیا تھا اور کام میں مصروف تھا کہ برقی پول سے مشتبہ طور پر گرکر شدید زخمی ہوگیا ۔ عتیق کو فوری ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں علاج کے دوران وہ فوت ہوگیا ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔

TOPPOPULARRECENT