Friday , December 15 2017
Home / جرائم و حادثات / فرضی کمپنیوں کے نام پر روزگار کا جھانسہ

فرضی کمپنیوں کے نام پر روزگار کا جھانسہ

نوجوانوں کو دھوکہ دینے والے دو افراد گرفتار ، پولیس صنعت نگر کی ستائش
حیدرآباد /26 ستمبر ( سیاست نیوز ) سائبرآباد پولیس نے فرضی کمپنیوں کے نام سے روزگار کا جھانسہ دینے والے بدنام زمانہ افراد کو گرفتار کرلیا جو بیرون ملک تعلیم اور ملازمت کا جھانسہ دیکر بے روزگار تعلیم یافتہ افراد کو لوٹ رہے تھے ۔ کمشنر پولیس سائبرآباد مسٹر سندیپ شنڈالیہ نے ان دو افراد کی گرفتاری کے بعد پولیس صنعت نگر کی ستائش کی اور بالخصوص انسپکٹر وینکٹ ریڈی کے اقدامات و کارکردگی کی سراہنا کی ۔ پولیس نے 25 سالہ ششی دھر ریڈی اور 28 سالہ بسوا جگناتھم ساکنان امیرپیٹ کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس کے مطابق ان دونوں بدنام زمانہ مجرموں نے تقریباً سینکڑوں بے روزگار نوجوانوں کو دھوکہ دیا ہے ۔ جن میں 241 نشاندہی ہوپائی ہے اور مزید تحقیقات جاری ہے ۔ کنیڈا اور ملائشیا میں تعلیم اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کا یہ دھوکہ باز جھانسہ دے رہے تھے اور فی کس امیدوار سے 30 ہزار تا ایک لاکھ 50 ہزار روپئے وصول کر رہے تھے ۔ انہوں نے سائبرآباد حدود میں رہتے ہوئے سائبر ٹکنالوجی کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے تعلیم یافتہ نوجوانوں کو اپنی جعلسازی کا شکار بنایا ۔ فرضی ویب سائیٹ ای میل اور ای میل کے پیامات اور جوابی پیامات بھی فرضی تیار کرتے ہوئے بے روزگاروں کو دھوکہ دیا ۔ صنعت نگر پولیس نے رجوع ایک شکایت گذار کی درخواست پر جامع تحقیقات کی اور اس کے پیچھے بڑے ریاکٹ کا انسپکٹر نے اندازہ کرتے ہوئے اس جانب تحقیقات میں شدت پیدا کی جس کے بعد پولیس نے ایک بڑے اور تشویش ناک نتائج کو حاصل کیا اور اس ریاکٹ کو بے نقاب کردیا ۔ کمشنر پولیس سائبرآباد مسٹر سندیپ شنڈالیہ نے عوام الناس سے درخواست کی کہ وہ بہ آسانی کسی کی جھانسوں میں نہ آئیں ۔ مواقع اور وسائل کا لالچ دینے والوں کی بات کی تحقیق ضرور کرلیں اور شبہ ظاہر ہونے پر مسئلہ کو پولیس سے رجوع کردیں ۔

TOPPOPULARRECENT