Tuesday , December 11 2018

فرقہ پرستوں کا خاتمہ ،ادارہ سیاست کی اولین ترجیح

مودی کی مخالف ہر طاقت کو ہماری مدد ، سونیا گاندھی کو ایڈیٹر جناب زاہد علی خان کا تیقن
حیدرآباد۔23نومبر(سیاست نیوز) ملک سے فرقہ پرستی کا خاتمہ اور بے خوف ماحول کی بازیافت کے ساتھ سیکولر ازم کا تحفظ ادارہ سیاست کی اولین ترجیح ہے اور ادارہ سیاست ہر اس قوت کا ساتھ دینے تیار ہے جو کہ فرقہ پرست نریندر مودی اور سنگھی نظریات کو ختم کرنے آگے آئے ۔جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست و جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر سیاست نے آج میڑچل میں مسز سونیا گاندھی سے ملاقات کرکے ان کی سیکولر ازم کے تحفظ کیلئے کوششوں کو سراہا اور کہاکہ ادارہ سیاست کی جانب سے ہر اس طاقت کو مدد فراہم کی جائے گی جو ملک سے مودی و آر ایس ایس کے نظریات کے خاتمہ کیلئے جدوجہد کریگی اور ملک کے دستوری ڈھانچہ کا تحفظ کریگی۔ جناب زاہدعلی خان نے مسز سونیا گاندھی سے مختصر ملاقات کے دوران انہیں ادارہ سیاست کی خدمات سے واقف کروایا اور تلنگانہ اور ملک میں مسلمانوں کو متحد کرنے اور سیکولر طاقتوں کے ہمراہ اتحاد کا مشورہ دیا اور تلنگانہ میں عظیم اتحاد کی تشکیل پر مبارکباد پیش کی ۔ جناب زاہد علی خان نے ریاست کی موجودہ صورتحال میں فرقہ پرستوں کے عزائم کو ناکام بنا کر سیکولر قوتوں کو مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ادارہ سیاست اپنے قیام سے ہی ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور یکجہتی کے فروغ کیلئے سرگرم ہے۔ انہوںنے مسز گاندھی کو ادارہ سیاست سے انجام دی جانے والی سماجی خدمات سے واقف کروایا اور کہا کہ ادارہ سیاست قوم کے تئیں اپنی ذمہ داری کو محسوس کرکے خدمت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ جناب زاہد علی خان اور عامر علی خان کو کانگریس کے اعلی قائدین نے مسز گاندھی سے خصوصی ملاقات کیلئے مدعو کیا تھا ۔ ملاقات کے دوران مسز گاندھی نے تلنگانہ کے علاوہ ہندستان میں اقلیتوں اور مسلمانوں کے مفادات کے تحفظ کیلئے ملک کے دستوری ڈھانچہ کو منہدم ہونے سے بچانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ کانگریس ملک میں فرقہ وارانہ یکجہتی و ہم آہنگی کیلئے کام کرنے والے ہر ادارہ اور تنظیم کے ساتھ کام کرکے ملک کو فرقہ پرستی سے پاک بنانے میں اپنی ذمہ داری ادا کرے گی۔

TOPPOPULARRECENT