Saturday , November 25 2017
Home / شہر کی خبریں / فروخت و تشہیر کے طریقہ کار میں نئی تبدیلیوں سے مسائل

فروخت و تشہیر کے طریقہ کار میں نئی تبدیلیوں سے مسائل

آئی ٹی صنعت سے وابستہ ہزاروں نوجوانوں کی ملازمتوں کو خطرہ ۔ ملازمین کی تعداد میں تخفیف

وحیدرآباد 16 جولائی (سیاست نیوز) انفارمیشن ٹیکنالوجی کی دنیا میں مائیکرو سافٹ کی جانب سے فروخت و تشہیر کے طریقہ کار میں جو تبدیلی لائی گئی ہے اُس سے آئی ٹی صنعت سے وابستہ ہزاروں نوجوانوں کی ملازمتیں خطرہ میں پڑچکی ہیں۔ ماہرین کے بموجب آئی ٹی صنعت سے وابستہ ملازمین کی کٹوتی کا جو عمل جاری ہے، اُسی دوران مائیکرو سافٹ کی نئی تشہیری و فروخت کی پالیسی نے آئی ٹی ملازمین میں بے چینی کی کیفیت پیدا کردی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مائیکرو سافٹ نے اپنے ملازمین کی تخفیف کا فیصلہ کیا ہے اور جب مائیکرو سافٹ کی جانب سے یہ فیصلہ کیا جائے تو اِس کے اثرات دیگر آئی ٹی کمپنیز پر مرتب ہونا لازمی ہے۔ مائیکرو سافٹ کی جانب سے 31 مارچ 2017 ء کو پیش کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق ایک لاکھ 21 ہزار 567 ملازمین برسر خدمت تھے لیکن جو صورتحال پیدا ہورہی ہے اُس کے مطابق مائیکرو سافٹ اپنے اداروں میں موجود ملازمین کی تعداد میں کمی لانے کے سلسلہ میں غور کرنے لگا ہے اور کمپنی کے اعلیٰ حکام بھی اِس بات کی توثیق کرچکے ہیں لیکن ابھی تک یہ بات واضح نہیں ہوئی ہے کہ کتنے ملازمین کو ملازمت سے علیحدہ کیا جائے گا۔ اسی طرح دیگر کمپنیوں نے بھی اپنے ملازمین کو بذریعہ ای میل اِس بات سے مطلع کیا ہے کہ کمپنی نے اپنی تشہیر اور فروخت کے شعبہ کو دو حصوں میں منقسم کرتے ہوئے ملازمین کی تخفیف کا فیصلہ کیا ہے۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق آئی ٹی صنعت میں 6 سرکردہ کمپنیوں کی جانب سے آئندہ چند ماہ کے دوران بھاری تعداد میں ملازمین کو اُن کی ملازمتوں سے برطرف کیا جائے گا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ملازمین کی برطرفی کا فیصلہ اُن کی عمر، صحت، تعلیم کے علاوہ معاشی حالت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا لیکن ملازمین کی برطرفی کے سلسلے میں کئے جانے والے اقدامات کے سبب فوری طور پر ہزاروں ملازمین کے بے روزگار ہونے کا خدشہ ہے لیکن کسی بھی ادارے کی جانب سے عصری ٹیکنالوجی کے استعمال پر توجہ دی جاتی ہے تاکہ کمپنی کی ترقی کو ممکن بنایا جاسکے۔ مائیکرو سافٹ، امیزان و دیگر آئی ٹی اداروں نے ملازمتوں کی فراہمی کے بعد بے روزگاری کے خاتمہ میں کلیدی کردار ادا کیا تھا لیکن اب جبکہ آئی ٹی صنعت میں ریکارڈ کی جارہی تیز رفتار ترقی کے سبب ملازمین کی تعداد میں تخفیف کی جارہی ہے تو اُس کے سبب نوجوانوں میں بے روزگاری کی شرح بڑھنے کا خدشہ ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ الیکٹرانک آلات کی فروخت اور دیگر آن لائن فروخت کی جانے والی اشیاء کے علاوہ اپلی کیشن وغیرہ کی تشہیر کے مختلف ذرائع روشناس ہونے کے سبب یہ صورتحال پیدا ہوتی ہے جس کے منفی اثرات آئی ٹی صنعت میں موجود ملازمتوں پر ہونے کا خدشہ ہے۔

TOPPOPULARRECENT