Monday , December 11 2017
Home / شہر کی خبریں / فسطائی طاقتوں کے خلاف سیکولر تنظیموں کو متحد ہونے کا مشورہ

فسطائی طاقتوں کے خلاف سیکولر تنظیموں کو متحد ہونے کا مشورہ

بائیں بازو جماعتوں و تنظیموں کی گول میز کانفرنس ، مختلف شخصیتوں کا خطاب
حیدرآباد۔22فبروری(سیاست نیوز) مرکز کی بی جے پی حکومت کے دور اقتدار میںملک اور ایک اور ایمرجنسی کی صورتحال کی طرف جارہا ہے ایسے حالات سے نمٹنے اور فسطائی طاقتوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لئے سکیولر ذہن کی سیاسی جماعتو ں اور تنظیموںکو متحدہونے کی ضرورت ہے ۔ایس وی کیندرم ہال باغ لنگم پلی میں بائیںبازو جماعتوں او رتنظیموں کے قائدین کی مشترکہ گول میز کانفرنس سے خطاب کے دوران پروفیسر کانچہ ایلیا نے یہ بات کہی۔سی پی آئی تلنگانہ اسٹیٹ سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی‘ سی پی آئی اسٹیٹ سکریٹری تمنینی ویر ا بھدرم‘ صدر تلنگانہ یونائٹیڈ فرنٹ ویملا‘ جانکی رام کے علاوہ عثمانیہ اور کاکتیہ یونیورسٹی کی طلبہ تنظیموں کے قائدین نے بھی اس اجلاس میںشرکت کی ۔ اپنے سلسلہ خطاب کو جاری رکھتے ہوئے کانچہ ایلیا نے کہاکہ مرکزی حکومت کی باگ ڈور آر ایس ایس کے ہاتھ میںہے اور ایسا نظر آرہا ہے کہ وزیر اعظم نریند رمودی آر ایس ایس کے ہاتھوں کی کٹ پتلی بنے ہوئے ہیں۔پروفیسر کانچہ ایلیا نے کیا مرکزی حکومت آر ایس ایس کے خفیہ ایجنڈے کو روبعمل لانے کام کررہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ایسے نازک وقت میں سکیولر ذہن کے حامل سیاسی جماعتوں اور تنظیموں کو متحد ہونے کی ضرورت ہے ۔ انہو ںنے مزیدکہاکہ جس طرح بائیں باز و جماعتیں اندرا گاندھی کی ایمرجنسی کی مخالفت میں جنتا پارٹی کے ساتھ کھڑی تھیں اسی طرح اب بائیں بازو جماعتوں کو آگے آنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ یونیورسٹیز کو نشانہ بناتے ہوئے جس سونچ اور فکر کو آر ایس ایس کا گروہ ختم کرنے کی کوشش کررہا ہے اس سونچ کو قائم رکھنے کے لئے بائیں بازو جماعتوں کو اپنی پوری طاقت کے ساتھ آگے آنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے جے این یو اسٹوڈنٹ یونین کے صدر کنہیا کمار کی غیر مشروط رہائی کے مطالبہ کی تائید وحمایت کا اعلان کیا اور کہاکہ بولنے کی آزادی ہر ہندوستانی کا جمہوری حق ہے مگر مرکز کی آر ایس ایس حکومت ہندوستانی شہریوں کے بولنے کی آزادی کو سلب کرنے کی کوشش کررہی ہے جس کو ہم ہر گز برداشت نہیں کریں گے۔سی پی آئی تلنگانہ اسٹیٹ سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی نے 26فبروری کو اندرا پارک دھرنا چوک پر بڑے احتجاجی دھرنے کا اعلان کیا جس میںروہت ویمولہ کے افراد خاندان کے ساتھ انصاف ‘ روہت ویمولہ کو خودکشی کے لئے مجبور کرنے والے سیاسی قائدین اور ایچ سی یو انتظامیہ کے خلاف قتل کا مقدمہ اور کنہیاکمار کی غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیاجائے گا۔ سی پی آئی ایم اسٹیٹ سکریٹری تمنینی ویرا بھدرم نے کہاکہ یونیورسٹی میںبائیںبازو جماعتوں کی طلبہ تنظیموں کا غلبہ فرقہ پرست طاقتوں کو ہضم نہیںہورہا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT