Wednesday , January 24 2018
Home / مذہبی صفحہ / فقیہ الاسلام حضرت مفتی ابراہیم خلیل الہاشمی علیہ الرحمہ

فقیہ الاسلام حضرت مفتی ابراہیم خلیل الہاشمی علیہ الرحمہ

حافظ محمد تمیم ولادت : ۱۰ رمضان المبارک ۱۳۶۰ھ وصال : ۲۳ جمادی الثانی ۱۴۳۱ ھ

حافظ محمد تمیم
ولادت : ۱۰ رمضان المبارک ۱۳۶۰ھ
وصال : ۲۳ جمادی الثانی ۱۴۳۱ ھ
فقیہ الاسلام حضرت علامہ حافظ مفتی ابراہیم خلیل الہاشمی علیہ الرحمہ کی پیدائش ایک ایسے گھرانے میں ہوئی، جو علم و معرفت، زہد و تقویٰ اور للّٰہیت میں یگانہ روزگار مانا جاتا ہے۔ آپ کے والد ماجد کا نام حضرت علامہ مفتی مخدوم بیگ علیہ الرحمہ ہے۔ فقیہ الاسلام کی ابتدائی تعلیم ثانی ابوحنیفہ حضرت علامہ ابوالوفا افغانی رحمۃ اﷲ علیہ کے پاس تربیت خاص اسلامی اقدار پر ہوئی مختلف علوم و فنون کی تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے جامعہ نظامیہ میں شریک کیا گیا، بعد فراغت کامل جامعہ نظامیہ میں ہی مختلف عہدوں (شیخ التفسیر اور مفتیٔ دارالافتاء جامعہ نظامیہ) پر فائز رہتے ہوئے تقریباً نصف صدی تک تدریسی خدمت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے شیخ الفقہ کی حیثیت سے آخر تک خدمت انجام دیتے رہے۔
فقیہ الاسلام وقت اور شریعت مطہرہ کے بڑے پابند تھے۔ آپ کے شب و روز درس و تدریس کے لئے مختص تھے۔ عصر تا عشاء مطالعۂ کتب میں مصروف رہتے۔ مختلف فنون علم تفسیر، علم حدیث، علم فقہ، علم تاریخ اور علم ادب کی کتب میں نہ صرف مہارت تھی بلکہ دوران درس بڑی ہی جامعیت کے ساتھ شاگردوں کے ذہن نشین کردیتے۔ دشوار کن مسائل و مراحل کو بڑی آسانی کے ساتھ حل کردیتے۔ مطالعۂ کتب آپکی فطرت ثانیہ تھی۔
فقیہ الاسلام ایک مربی، مشفق استاذ رہے، نہ صرف حق گو تھے بلکہ حق گوئی کو پسند کرنے والے بھی تھے، ایک سچے عاشق رسول صلی اﷲ علیہ وسلم تھے، فکرسلیم، صحیح عقیدہ اور عالم باعمل کے ساتھ ساتھ علوم ظاہری اور باطنی میں ماہر تھے۔ فقیہ الاسلام کو عربی، اردو اور فارسی زبان اور بہترین خطابت پر عبور تھا۔ اثناء خطبہ نصیحت آمیز ، بصیرت افروز واقعات سننے کے بعد لوگوں کے دلوں میں عمل کا جذبہ پیدا ہوجاتا تھا۔
فقیہ الاسلام کا وصال بروز پیر بوقت ظہر ہوا۔ ( اناﷲ وانا الیہ راجعون ) جیسے فقیہ الاسلام اپنی حیات میں وقت کے پابند تھے بالکل ویسے ہی آپ علیہ الرحمہ کی نمازجنازہ وقت مقررہ پر یعنی بروز منگل صبح ۸ بجے ادا کی گئی، جس میں شیوخ عظام، علماء، مشائخ، تلامذہ اور محبین فقیہ الاسلام کی کثیر تعداد موجود تھی۔ تدفین احاطۂ مصری گنج میں ہوئی ہے۔
نوٹ: ۲۳جمادی الاخری ۱۴۳۶ م ۱۳ اپریل ۲۰۱۵ بروز پیر بعدنماز عصر احاطۂ جامعہ نظامیہ میں ختم قرآن اور مزار حضرت فقیہ الاسلام نقشبندی چمن مصری گنج میں چادرگل پیش کی جائیگی۔

TOPPOPULARRECENT