فلاحی اسکیمات کی تیاری کیلئے تلنگانہ میں سروے

عوام کو خدشات کا شکار ہونے کی ضرورت نہیں ۔ صحیح تفصیلات کا اندراج بہتر

عوام کو خدشات کا شکار ہونے کی ضرورت نہیں ۔ صحیح تفصیلات کا اندراج بہتر
حیدرآباد ۔ /10 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ میں /19 اگست کو ہونے والے سروے کے متعلق عوام کو خدشات کا شکار ہونے کی ضرورت نہیں ہے چونکہ بعض گوشوں کی جانب سے اس سروے کے متعلق عوام میں خدشات پیدا کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں جبکہ درحقیقت یہ سروے عوام کے مفادات کے تحفظ کیلئے فائدہ مند ثابت ہونے کا امکان ہے ۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے کروائے جانے والے سروے کے متعلق عوام میں پیدا کئے جارہے خدشات میں یہ تاثر دینے کی کوشش کی جارہی ہے کہ سروے میں دریافت کئے جانے والے سوالات کے ذریعہ انہیں بعد ازاں مشکلات کا شکار ہونا پڑسکتا ہے ۔ جبکہ حقیقت میں ایسا نہیں ہوگا چونکہ جو لوگ دیانتداری کے ساتھ محصولات کی ادائیگی کے علاوہ دیگر امور کی انجام دہی کو یقینی بناتے ہوئے انہیں کوئی مسائل کا سامنا کرنا نہیں پڑے گا ۔ برقی بلوں کے علاوہ آبرسانی و دیگر بقایاجات کی ادائیگی سے متعلق سوالات سے بھی عوام میں بے چینی پائی جاتی ہے ۔ لیکن ان سوالات کا انحصار معاشی و سماجی صورتحال کا جائزہ لینے پر ہے ۔ اگر حقائق کی پردہ پوشی کی جاتی ہے تو ایسی صورت میں عوام کو مشکلات کا شکار ہونا پڑسکتا ہے ۔ اسی لئے تلنگانہ کے شہریوں کو چاہئیے کہ وہ /19 اگست کے اس سروے میں مکمل تعاون کے ذریعہ حقیقی تفصیلات کے اندراج کو یقینی بنائے چونکہ اس صورت میں انہیں حکومت کی مستقبل میں تیار کی جانے والی اسکیمات کا حصہ بنایا جائے گا ۔ عوام کی سماجی ، معاشی و تعلیمی صورتحال سے آگہی کے بعد حکومت کی جانب سے فلاحی اسکیمات کا تعین ممکن ہوسکتا ہے ۔ اسی لئے حکومت حقدار کو اس کے حقوق کی فراہمی کیلئے اس منصوبے پر عمل پیرا ہے جو لوگ حقائق کے انکشاف سے گریز کریں گے انہیں یقیناً سرکاری فوائد سے محروم ہونا پڑے گا ۔ چونکہ جو بھی منصوبہ بندی حکومت کی جانب سے کی جائے گی وہ ان تفصیلات کے بغیر ہی ہوگی جو اندراج کے دوران چھپائی گئی ہیں۔
عوام بالخصوص ذمہ داران کو چاہئیے کہ وہ اس سلسلے میں شعور بیداری مہم کے ذریعہ ہر فرد کے اس سروے میں اندراج کو یقینی بنائیں تاکہ حکومت کو مستقبل کے ترقیاتی و فلاحی منصوبوں کی تیاری میں سہولت ہو اور تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے شہریوں کو سرکاری فوائد کے حصول میں کسی قسم کی دشواری نہ ہوں ۔

TOPPOPULARRECENT