Thursday , January 18 2018
Home / عرب دنیا / فلسطینیوں کیلئے بحرین میں فنڈس جمع کرنے کی مہم‘ شاہ حمد کی خصوصی دِلچسپی

فلسطینیوں کیلئے بحرین میں فنڈس جمع کرنے کی مہم‘ شاہ حمد کی خصوصی دِلچسپی

دوحہ۔ 20؍جولائی (سیاست ڈاٹ کام)۔ فلسطینیوں کی مدد کے لئے بحرین میں فنڈ اکٹھا کرنے کی مہم شروع کی گئی۔ ابتدائی سات گھنٹوں میں ہی عوام کا غیر معمولی حوصلہ افزا ردعمل سامنے آیا۔ 18 جولائی کو رائل چیریٹی آرگنائزیشن (آر سی او) بورڈ آف ٹرسٹی کے صدر نشین شیخ ناصر بن حمد الخلیفہ نے لائیو ٹیلی تھان کا سرکاری طورپر آغاز کیا، جس کے دوران پانچ لاکھ امریکی ڈالرس جمع کئے گئے۔ ایک ہفتہ تک جاری رہنے والا یہ شو بحرین ٹی وی پر روزانہ دوپہر ساڑھے بارہ بجے تا درمیانی شب پیش کیا جائے گا، تاکہ جنگ زدہ فلسطین کے باشندوں کی مدد کے لئے عطیہ جمع کئے جاسکیں۔ شیخ ناصر کے مطابق فلسطینیوں کے لئے فنڈ اکٹھا کرنے کی مہم سے فلسطینی کاز کے تئیں بحرینی قیادت، حکومت اور عوام کے واضح موقف کا اظہار ہوتا ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ فلسطینی عوام کو امداد کی فراہمی میں شاہ حمد جس انداز میں دلچسپی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، وہ قابل ستائش ہے۔ انھوں نے پرزور انداز میں یہ بھی کہا کہ بحرین مشکل کی اس گھڑی میں اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔

شیخ ناصر نے عوام، اداروں، کمپنیوں اور بحرین میں رہنے والے تمام افراد سے فلسطینیوں کی مدد کے لئے شروع کردہ خیراتی و انسانیت پر مبنی مہم میں بڑے پیمانے پر حصہ لینے کی اپیل کی اور کہا کہ آج فلسطینی ایک مشکل دور سے گزر رہے ہیں، انھیں خطرناک صورت حال کا سامنا ہے، ایسے میں ہمیں اپنے مظلوم بھائیوں کی مدد کرنی چاہئے۔ آر سی او کے سکریٹری جنرل اور فلسطینیوں کی مدد کے لئے قائم کردہ قومی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر مصطفی السید نے تمام عطیہ دہندگان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ غزہ متاثرین تک انسانی بنیادوں پر ریلیف پہنچانے کی تیاریاں تیزی سے جاری ہیں اور امید ہے کہ بہت جلد بحرین سے امدادی سامان فلسطینیوں کو پہنچایا جائے گا۔ انھوں نے عوام کے غیر معمولی ردعمل کے حوالے دیتے ہوئے بتایا کہ خاص طورپر تین کمسن نوجوانوں کا وہ ذکر کرنا نہیں بھولیں گے، جنھوں نے اپنی تمام بچت پریشان حال فلسطینیوں کے لئے بطور عطیہ پیش کردی ہے۔ اسی طرح ایک جسمانی طورپر معذور لڑکی نے فلسطینی بھائیوں کی مدد کے لئے اپنی رقم کا ڈبہ حوالے کردیا۔

یہ مہم شاہ حمد کی ہدایات کے مطابق جاری ہے۔ خود شاہ حمد نے فلسطینیوں کی مدد کے لئے پانچ ملین ڈالرس کا عطیہ دیا ہے، تاکہ غزہ میں پریشان حال فلسطینیوں کو ہنگامی امداد فراہم کی جاسکے۔ گلف ڈیلی نیوز سے بات کرتے ہوئے اس مہم کے ایک ترجمان نے بتایا کہ مملکت میں فلسطینیوں کے لئے عطیہ جمع کرنے کی خاطر تین مراکز کھولے گئے ہیں، جہاں دو دو باکسیس رکھے گئے ہیں۔ بحرین ٹی وی اس مہم کے دوران ملک کی ممتاز شخصیتوں بشمول علماء، سماجی جہد کاروں اور تاجرین و صنعت کاروں کو پیش کرے گا، جو فنڈس اکٹھا کرنے کے بارے میں عوام کو ترغیب دیں گے۔ شاہ حمد کی اپیل پر بحرین چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ایک لاکھ ڈالر عطیہ دینے کا اعلان کیا۔

TOPPOPULARRECENT