Tuesday , November 21 2017
Home / Top Stories / فلسطینیوں کی تائید میں بانکی مون کے بیان کی مذمت

فلسطینیوں کی تائید میں بانکی مون کے بیان کی مذمت

’’اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل ،دہشت گردی کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں‘‘ : نیتن یاہو
یروشلم ۔ 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیلی وزیراعظم بنجامن نیتن یاہو نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون پر دہشت کی حوصلہ افزائی کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے فلسطین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ پسے ہوئے لوگوں کی انسانی فطرت ہوتی ہے کہ وہ قبضے کے خلاف ردعمل ظاہر کرتے ہیں۔کیا ہم تیسرے انتقادہ کی طرف جا رہے ہیں۔سلامتی کونسل میں بات کرتے ہوئے بان کی مون نے فلسطینیوں کے اسرائیلیوں پر چاقوؤں سے حملوں کے حالیہ واقعات کی مذمت کی تھی۔اکتوبر سے تشدد کے واقعات میں 155 فلسطینی اور 28 اسرائیلی ہلاک ہو چکے ہیں۔’حملوں کی حالیہ لہر فلسطینیوں بطور خاص نوجوانوں میں تنہائی اور مایوسی کے گہرے احساس کے نتیجے میں سامنے آئی ہے۔نصف صدی سے قبضے اور امن کے عمل کے مفلوج ہونے کے بوجھ کی وجہ سے فلسطینیوں کی مایوسی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ‘ انھوں نے مزید کہا :’پسے ہوئے لوگ عرصے سے احتجاج کر رہے ہیں، قبضے کے خلاف ردعمل انسانی فطرت ہے جس کے نتیجے میں اکثر نفرت اور انتہا پسندی کی زبردست افزائش ہوتی ہے۔‘ سیکریٹری جنرل بان کی مون نے حملوں کی مذمت کی لیکن اس کے ساتھ کہا کہ اسرائیل کی جانب سے بستیوں کی تعمیر اس کے فلسطینی ریاست کے قیام کے وعدے پر شکوک و شبہات پیدا کر رہی ہے۔‘ اسرائیلی وزیراعظم بنجامن نیتن یاہو نے ایک بیان میں بان کی مون کے بیان کی مذمت کرتے کہا کہ ’سیکریٹری جنرل دہشت گردی کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں اور دہشت گردی کا کوئی جواز نہیں۔‘انھوں نے الزام عائد کیا کہ فلسطین ریاست کے قیام کے خلاف کام کر رہا ہے۔ ’فلسطینی قاتل ریاست قائم نہیں کرنا چاہتے ہیں، وہ ایک ریاست کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔ وہ امن کے لئے قتل نہیں کرتے اور نہ ہی حقوق انسانی کے لیے قتل کرتے ہیں۔‘ وزیراعظم نیتن یاہو نے اقوام متحدہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ’ اقوام متحدہ بہت عرصہ پہلے ہی اپنی غیر جانبداری اور اخلاقی قوت کھو چکی ہے۔‘

Top Stories

TOPPOPULARRECENT