Monday , June 25 2018
Home / دنیا / فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی فوج کے ساتھ جھڑپیں

فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی فوج کے ساتھ جھڑپیں

ٹرمپ کے خلاف احتجاج جاری،مغربی کنارہ غزہ پٹی اور نبلس میں سنگباری کے واقعات

قلندیہ ۔ 20 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کے فیصلہ کے خلاف تازہ احتجاج میں آج سینکڑوں فلسطینیوں نے اسرائیلی فوج کے ساتھ مقابلہ آرائی کی۔ تازہ جھڑپوں میں زائد از 9 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔ قلندیہ چیک پوائنٹ پر جہاں مقبوضہ مغربی کنارہ اور یروشلم کے درمیان ناکہ بندی ہے، اسرائیلی فوج نے احتجاجوں کی جانب آنسو گیس شیل برسائے، آواز والے گرینیڈ پھینکے اور گولہ بارود سے نشانہ بنایا۔ تقریباً ایک ہزار احتجاجیوں نے اسرائیلی فوج کا سامنا کرتے ہوئے شدید احتجاج کیا ان میں سے کئی احتجاجیوں نے اسرائیلی فوج پر سنگباری کی۔ حبرون کے جنوبی مغربی کنارہ شہر میں سینکڑوں فلسطینی عوام جمع ہوگئے اور فوج کے ساتھ ہلکی جھڑپ ہوئی۔ نبلس میں سینکڑوں افراد نے اسرائیلی چیک پوائنٹ تک مارچ نکالا۔ غزہ میں بھی اسرائیلی فوج نے ایک دہے سے ناکہ بندی کی ہے جہاں پر سینکڑوں فلسطینی عوام نے جمع ہوکر اسرائیل کے خلاف احتجاج کیا۔ غزہ سٹی میں احتجاج جاری ہے۔ چند درجن افراد نے سرحد کی جانب جانے کی کوشش کی جہاں معمولی جھڑپیں ہوئیں۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا کہ کئی مقامات پر جھڑپیں اور فساد برپا ہوا ہے۔ تقریباً 800 فسادیوں نے اسرائیلی سپاہیوں کی جانب آگ کے شعلے نما بم پھینکیں اور جلتے ہوئے ٹائر دوڑائے۔ سپاہیوں نے بھی فسادیوں کو منتشر کرنے کیلئے طاقت کا استعمال کیا۔ فلسطینی وزیرصحت نے کہا کہ اس جھڑپ میں 9 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے کسی کی بھی حالت نازک نہیں ہے۔ 6 ڈسمبر کو ڈونالڈ ٹرمپ نے متنازعہ فیصلہ کرتے ہوئے یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرلیا تھا۔ آج کا یہ احتجاج نائب صدر امریکہ مائیک پنس کے دورہ کے منصوبہ کے خلاف احتجاج تھا۔

TOPPOPULARRECENT