Saturday , July 21 2018
Home / Top Stories / فلسطینی گروپس کا 2018 میں انتخابات پر اتفاق

فلسطینی گروپس کا 2018 میں انتخابات پر اتفاق

قاہرہ ۔ 26نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) مصر کی زیرنگرانی فلسطینی دھڑوں بالخصوص اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ اور تحریک فتح کے درمیان مصالحتی معاہدے کے بعد تمام جماعتوں نے 2018ء کے آخر تک عام انتخابات کے انعقاد پر اتفاق کیا ہے۔ قاہرہ میں مصری انٹیلی جنس حکام کی زیر نگرانی ہونے والی کل جماعتی کانفرنس میں 12 اکتوبر کو طے پائے معاہدے کو عملی شکل دینے پر اتفاق کیا گیا۔حتمی مذاکرات کے بعد جاری کردہ مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام فلسطینی تنظیمیں طے کردہ شیڈول کے اندر فلسطینی قومی حکومت کی تشکیل اور تمام ذمہ داریاں قومی حکومت کو سپرد کرنے اور حکومت کو فلسطین کے بنیادی آئین اور قانون کے تحت چلانے سے اتفاق کیا گیا۔قاہرہ میں ہوئے فلسطینی مذاکرات فلسطین نیشنل کونسل کو فعال بنانے، قضیہ فلسطین کے حل کے لیے تمام فورمز پر کوششیں تیز کرنے، صہیونی ریاست کی طرف سے درپیش خطرات کا تدراک کرنے، فلسطین میں یہودی آباد کاری روکنے، بیت المقدس کو یہودیانے سے بچانے، قتل، مسماری، کریک ڈاؤن ناکہ بندی اور فلسطینی قوم کے خلاف جاری صہیونی ریاست کے تمام حربوں کا بھرپور مقابلہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔بیان میں فلسطین کے قومی اصولوں اور دیرینہ مطالبات کی روشنی میں جدو جہد کرنے، فلسطینیوں میں مصالحت اور مفاہمت کو مزید گہرائی تک لے جانے کے فیصلے کے ساتھ قومی مصالحت کے حوالے سیمصر کی خدمات کو سراہا گیا۔ فلسطینی دھڑوں نے قومی مصالحت کا عمل آگے بڑھانے کے لیے مصری صدر عبدالفتاح السیسی کی کوششوں کا خصوصی طورپر خیر مقدم کیا۔قاہرہ بات چیت میں تمام فلسطینی دھڑوں نے 12 اکتوبر2017ء کو حماس اور فتح کے درمیان طے پائے معاہدے کی تائید کی اور اسے فلسطینی دھڑوں میں پائے جانے والے اختلافات دور کرنے کے لیے تاریخی پیش رفت قرار دیا۔ تمام فلسطینی گروپوں نے قومی مصالحتی معاہدے کی تمام شقوں اور نکات پر ان کی روح کے مطابق عمل درآمد کرانے اور مقرر کردہ ٹائم فریم کے مطابق معاہدے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے پر زور دیا۔

TOPPOPULARRECENT