Sunday , October 21 2018
Home / Top Stories / فلسطین میں صورتحال معمول پر لانے کیلئے جنگ بندی کا اعلان

فلسطین میں صورتحال معمول پر لانے کیلئے جنگ بندی کا اعلان

غزہ پٹی۔21 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) اسرائیلی فوجی کی ہلاکت کے ردِ عمل میں تل ابیب کے فلسطینی علاقوں میں پے در پے فضائی حملوں سے 4 فلسطینی شہید ہوئے جس کے بعد اسلامی تنظیم حماس کی جانب سے جنگ بندی کا اعلان کردیا۔قطری خبر رساں ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق حماس کے ترجمان فاوزی برہوم نے جنگ بندی معاہدے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اس میں مصری اور اقومِ متحدہ کے عہدیداروں نے ثالثی کا کردار ادا کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس جنگ بندی کا اطلاق جمعہ کی رات سے ہوگیا، اور ’’ہم فلسطینی گروہ اور اسرائیل کے مابین ایک سمجھوتے پر متفق ہوگئے ہیں‘‘۔اے ایف پی کے مطابق معاہدے کی تصدیق کے حوالے سے جب اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتنن یاہو کے دفتر سے رابطہ کیا گیا تو اسرائیل حکام کی جانب سے ایسے کسی معاہدے کی تصدیق نہیں کی گئی۔تاہم گزشتہ رات سے فلسطینی علاقوں میں کوئی بڑی اسرائیلی کارروائی دیکھنے میں نہیںآئی اور نہ ہی فلسطینی علاقوں سے اسرائیل کی جانب کوئی گولہ پھینکا گیا۔اس ضمن میں حماس کے ایک سینئر عہدیدار نے نام نہ ظاہر کرنے کی بنیاد پر بتایا کہ معاہدے میں ہر قسم کی عسکری کارروائی کے خاتمے کی بات کی گئی ہے جس میں اسرائیلی فضائی حملے اور حماس کے گولے اور راکٹ کے حملے شامل ہیں۔تاہم ان کا کہنا تھا کہ آتش گیر مادے کے ساتھ منسلک غبارے اور پتنگیں، جو فلسطینی علاقوں کی جانب سے اسرائیل کی طرف پھینکے جاتے تھے، اس معاہدے میں شامل نہیں۔ادھر اسرائیلی سیاستدانوں کی جانب سے آتش گیر مادوں کی ان کارروائیوں پر بھرپور جواب دینے کا مطالبہ کیا جاتا ہے، جس کے نتیجے میں اسرائیل کو اب تک لاکھوں ڈالر کا نقصان ہوچکا ہے۔معاہدے کی تصدیق کے حوالے سے اسرائیلی حکام کا کہنا تھا کہ ہم صرف اتنا کہہ سکتے ہیں کہ جمعہ کے بعد سے اسرائیل نے غزہ کی پٹی میں کوئی تازہ کارروائی نہیں کی۔

TOPPOPULARRECENT