Sunday , October 21 2018
Home / کھیل کی خبریں / فلسطین نے پہلی مرتبہ اسرائیل کو پیچھے چھوڑ دیا

فلسطین نے پہلی مرتبہ اسرائیل کو پیچھے چھوڑ دیا

زیورخ۔24 نومبر(سیاست ڈاٹ کام) عالمی چیمپئن جرمنی فیفا کی تازہ ترین عالمی درجہ بندی میں بدستور پہلے نمبر پر فائز ہے لیکن فلسطین نے نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے پہلی مرتبہ عالمی درجہ بندی میں اسرائیل کو پیچھے چھوڑ دیا۔ فیفا کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین درجہ بندی میں ابتدائی پانچ مقامات میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی جہاں جرمنی پہلے، برازیل دوسرے، پرتگال تیسرے، ارجنٹیناچوتھے اور بیلجیئم پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔درجہ بندی میں سب سے قابل ذکر پہلو فلسطین کی عالمی درجہ بندی میں ترقی ہے جس نے تاریخ میں پہلی مرتبہ اسرائیل کو پیچھے چھوڑ دیا۔عالمی درجہ بندی میں فلسطین 82 ویں نمبر پر موجود ہے جبکہ ناقص کارکردگی کے سبب ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہنے والی اسرائیل کی ٹیم 16 درجے تنزلی کے بعد 96ویں نمبر پر پہنچ گئی ہے۔فلسطینی فٹبال اسوسی ایشن کے سربراہ جبرائیل رجب نے ٹیم کی 82 ویں نمبر تک ترقی کو ایک تاریخی سنگ میل قرار دیا۔درجہ بندی میں دیگر ٹیموں کی بات کی جائے تو اسپین دو مقامات کی ترقی کے بعد چھٹے نمبر پر آ گیا اور پولینڈ کی ٹیم تنزلی کے بعد ساتویں نمبر پر چلی گئی تاہم سوئٹزرلینڈ نے 3 درجے ترقی کے ساتھ آٹھواں مقام سنبھال لیا ہے۔فرانس دو درجے تنزلی کے بعد آٹھویں، چلی اور پیرو ایک، ایک درجہ گر کر دسویں اور گیارہویں نمبر پر چلے گئے، ڈنمارک سات درجے چھلانگ لگا کر 12 ویں نمبر پر پہنچ گیا جبکہ کولمبیا تین درجے تنزلی کے بعد 13 ویں نمبر پر چلی گئی۔اٹلی کی ٹیم آئندہ برس ورلڈکپ کی دوڑ سے باہر ہونے کے باوجود ایک درجے ترقی پا کر 14ویں نمبر پر آ گئی تاہم انگلینڈ تین درجے تنزلی کے بعد 15 ویں نمبر پر چلا گیا۔سویڈن سات درجے ترقی پا کر 20 سرفہرست ٹیموں میں شامل ہونے میں کامیاب رہا اور 18ویں نمبر پر قابض ہو گیا۔نئی درجہ بندی میں سینیگال کی 9، امریکہ کی 3، آسٹریا کی 10، پیراگوئے کی 6، آسٹریلیا کی 4، مراکش کی 8 مونٹی نیگرو کی 8 درجے ترقی ہوئی ہے۔

TOPPOPULARRECENT