Monday , January 22 2018
Home / شہر کی خبریں / فلسطین پر بین الاقوامی کانفرنس کا محمود عباس افتتاح کریں گے

فلسطین پر بین الاقوامی کانفرنس کا محمود عباس افتتاح کریں گے

انڈو عرب لیگ کے 9 رکنی وفد کی سرزمین قبلہ اول کو روانگی

انڈو عرب لیگ کے 9 رکنی وفد کی سرزمین قبلہ اول کو روانگی
حیدرآباد ۔ 17 ۔ نومبر : ( پریس نوٹ ) : حکومت فلسطین کے اعلی حکام انڈو عرب لیگ حیدرآباد کے 9 رکنی وفد کا سرزمین قبلہ اول میں خیر مقدم کریں گے جو جناب سید وقار الدین قادری چیرمین انڈو عرب لیگ حیدرآباد و چیف ایڈیٹر روزنامہ رہنمائے دکن کی زیر قیادت 18 نومبر کی صبح حیدرآباد سے اردن کی دارالحکومت عمان پہنچے گا اور وہاں سے زمینی راستہ سے فلسطین پہونچے گا ۔ صدر فلسطین جناب محمود عباس نے انڈو عرب لیگ حیدرآباد کے صدر نشین کو فلسطین پر 20 تا 22 نومبر 2014 ء منعقد شدنی سہ روزہ بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کی خصوصی دعوت دی ہے ۔ صدر فلسطین اس کانفرنس کا افتتاح کریں گے اور دنیا کے مختلف ممالک کے سربراہان اور نمائندے اس میں شرکت کریں گے ۔ انڈو عرب لیگ حیدرآباد کا وفد جناب سید وقار الدین کی قیادت میں ڈاکٹر میر اکبر علی خاں ، سید عزیز پاشاہ سابق ایم پی ، مولانا سید شاہ مظہر حسینی صابری ، مسٹر پروفیسر پنیا ، جناب شیخ ابوبکر ، جناب جمیل احمد خاں ، جناب مقبول احمد اور عثمان الہاجری پر مشتمل ہے ۔ فلسطین کی اہم شخصیات سے ملاقات کرے گا اور مقامات مقدسہ کی زیارت کرے گا ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ انڈو عرب لیگ حیدرآباد نے 1967 ء سے فلسطینی کاز کے لیے قومی اور بین الاقوامی سطح پر رائے عامہ کی ہمواری کی تحریک جاری رکھی ہے جسے اقوام متحدہ کی مسلمہ این جی او کا موقف حاصل ہے ۔ یاد رہے کہ 1948 ء میں اسرائیلیوں نے فلسطینیوں سے ان کی سرزمین چھین لی تب سے ایک تہائی فلسطینی آبادی ، لبنان ، شام ، اردن ، غزہ پٹی ، مغربی کنارہ کے پناہ گزین کیمپوں میں مقیم ہے وہ اپنی بنیادی سہولتوں سے بھی محروم کردئیے گئے ہیں ۔۔

TOPPOPULARRECENT