Sunday , November 19 2017
Home / عرب دنیا / فلسطین پر سعودی عرب کا موقف مضبوط و مستحکم : شاہ سلمان

فلسطین پر سعودی عرب کا موقف مضبوط و مستحکم : شاہ سلمان

جدہ ۔ 20 جون (سیاست ڈاٹ کام) سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ فلسطینی نصب العین اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق کے بارے میں سعودی عرب نے غیر متزلزل اور مضبوط مؤقف اختیار کررکھا ہے۔ انھوں نے یہ بات جدہ میں اتوار کو فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات میں کہی ہے۔انھوں نے ملاقات میں فلسطینی علاقوں کی تازہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔اس موقع پر فلسطینی صدر نے سعودی فرمانروا کو یادگاری تحفہ بھی دیا ہے۔عین اسی روز اسرائیلی حکومت نے مقبوضہ مغربی کنارے میں یہودی آبادکاروں کی بستیوں کے لیے ایک کروڑ اسی لاکھ ڈالرز کی اضافی رقم کی منظوری دی ہے اور کہا ہے کہ یہ رقم سکیورٹی خطرات سے نمٹنے کے لیے مختص کی جائے گی۔اسرائیلی روزنامے ہارٹز کی رپورٹ کے مطابق بنجامن نتن یاہو کی کابینہ اس مقصد کے لیے آٹھ کروڑ اسی لاکھ ڈالرز کی رقم پہلے ہی مختص کرچکی ہے اور اس کا یہ موقف رہا ہے کہ اکتوبر کے بعد مغربی کنارے کے علاقے میں چاقو حملوں ،فائرنگ اور کاریں چڑھانے کے واقعات کے بعد سے سکیورٹی تحفظات کے پیش نظر یہ رقم مختص کرنا ضروری تھا۔تاہم یہ رقم مختلف مقاصد کے لیے استعمال کی جائے گی اور نیتن یاہو نے کابینہ کے ہفت وار اجلاس کے آغاز میں بھی اس جانب اشارہ کیا ہے اور اس کو مغربی کنارے میں کمیونٹیوں کو مضبوط بنانے کے لیے ایک امدادی منصوبہ قرار دیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT