Sunday , November 19 2017
Home / Top Stories / فلمی اداکار اوم پوری کا انتقال

فلمی اداکار اوم پوری کا انتقال

بالی ووڈ کی ممتاز شخصیتوں اور سیاستدانوں کا خراج عقیدت
ممبئی۔/6جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) بین الاقوامی شہرت یافتہ فلمی اداکار اوم پوری کا آج صبح قلب پر حملہ کے باعث بعمر 66سال انتقال ہوگیا،جنہوں نے بالی ووڈ سے ہالی ووڈ تک اداکاری کے جوہر دکھاتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا تھا، اور ہندوستانی، پاکستانی اور برطانوی اور امریکی ( ہالی ووڈ ) کی فلموں میں انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔ان کی خدمات کے اعتراف میں ملک کے اعلیٰ ترین ایوارڈ ’ پدم شری ‘  1990 میں عطا کیا گیا تھا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اوم پوری کی موت پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے تھیٹر اور فلموں میں ان کی خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیا۔ بالی ووڈ کی ممتاز شخصیتوں بشمول اکشے کھنہ، کرن جوہر، انوپم کھیر، جاوید اختر، شبانہ اعظمی اورمہیش بھٹ نے اوم پوری کی موت کو ہندوستان کی فلموں کیلئے ناقابل تلافی نقصان سے تعبیر کیا۔ اوم پوری ہریانہ کے ٹاؤن امبالہ میں ایک پنجابی خاندان میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا پونے سے گریجویشن کے بعد 1993 میں نیشنل اسکول آف ڈرامہ سے تربیت حاصل کی جہاں پر نصیر الدین شاہ ہم جماعت تھے ۔ ان کی مشہور فلموں میں بھوانی بھاوائی، سنڈیکیٹ، اردھ ستیہ، مرچ مسالہ، دھراوی، اکروش، ماچس، گپت، دھوپ، یووا، ڈان، اگنی پتھ، بجرنگی بھائی جان‘ شامل ہیں۔ علاوہ ازیں پرینکا چوپڑا، مدھور بھنڈارکر، نیتتن دیشمکھ، پرکاش جھا نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ شبانہ اعظمی کی اطلاع کے بموجب اوم پوری کی آخری رسومات آج شام اوشیوا شمشان گھاٹ میں ادا کرلی جائیں گی۔ اداکار پریش راول، نواز الدین صدیقی، شاہ رخ خان، سلمان خان، ارباز خان، منوج واجپائی، امیتابھ بچن اور ابھیشک بچن، ورون دھون، ونئے پاٹھک، ہدایت کار گوتم گھوش، کبیر خان اور فلمساز سندیپ رانے نے بھی اوم پوری کے ساتھ اپنے خوشگوار لمحات کا تذکرہ کرتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا۔ نائب صدر کانگریس راہول گاندھی ، چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی، سابق چیف منسٹر پنجاب امریندر سنگھ، چیف منسٹر راجستھان وسندھرا راجے اور مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات ایم وینکیا نائیڈو نے ہمہ گیر صلاحیتوں کے حامل اداکار اوم پوری کو خراج پیش کیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT