Sunday , December 17 2017
Home / Top Stories / فلمی اداکار دلیپ کمار 93سال کے ہوگئے

فلمی اداکار دلیپ کمار 93سال کے ہوگئے

چینائی المیہ کے پیش نظر سالگرہ منانے سے گریز
ممبئی۔/11ڈسمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) افسانوی فلمی اداکار دلیپ کمار آج 93 سال کے ہوگئے۔ انہوں نے چینائی میں حالیہ بارش اور سیلاب کے متاثرین سے ہمدردی اور یگانگت کا اظہار کرتے ہوئے سالگرہ منانے سے گریز کیا ہے۔ دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو نے بتایا کہ ہم نے سالگرہ تقریب نہ منانے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ فلمی اداکار چینائی کے المیہ پر مغموم ہیں چونکہ یہ ایک عظیم سانحہ ہے اور کوئی تقریب منانے کا صحیح وقت نہیں ہے۔ علاوہ ازیں سائرہ بانو خود اپنے شوہر کی سالگرہ منانے کے حق میں نہیں ہیں کیونکہ جب بھی دلیپ کمار کا جشن سالگرہ منایاجاتا ہے وہ بعد ازاں علیل ہوجاتے ہیں۔ دلیپ یمار نے بحیثیت ہیرو 1944 ء میں فلم ’’ جوار بھاٹا ‘‘ میں اداکاری کی تھی جسے ممبئی ٹاکیز نے بنایا تھا۔ 6عشروں پر محیط اپنے کیریئر میں دلیپ کمار نے متفرق کردار ادا کئے ہیں جس میں رومانوی فلم ’ انداز ‘ (1949) ’ آن ‘ (1955) ، ڈرامائی فلم ’ دیوداس‘ (1955) مزاحیہ فلم ’ آزاد ‘ (1955) تاریخی فلم ’ مغل اعظم ‘ (1960) سماجی فلم ’ گنگا جمنا‘ (1961) شامل ہے۔ دریں اثناء سائرہ بانو نے دلیپ کمار کی روزانہ کی مصروفیات کے بارے میں بتایا کہ وہ ٹی وی پر اسپورٹس دیکھتے ہیں اور موسیقی سنتے ہیں اور گارڈن میں صبح سویرے چہل قدمی کرتے ہیں۔ انہیں کرکٹ اور فٹبال سے دلچسپی ہے اور انہیں سیاحتی مقامات اوٹی، مہابلیشورم اور لندن پسند ہے اور وہ ایک صوفی منش کی طرح زندگی گذارتے ہیں جبکہ سالگرہ کے موقع پر کل شب سے ہی ہندوستان اور بیرونی ممالک سے مبارکباد کے پیامات اور تحائف کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT