Thursday , November 23 2017
Home / Top Stories / فلمی اداکار سلمان خان کے ریمارک پر تنازعہ

فلمی اداکار سلمان خان کے ریمارک پر تنازعہ

بیٹے کی نادانی پر باپ سلیم خان کا اظہار معذرت
ممبئی۔/21جون،( سیاست ڈاٹ کام ) ہندی فلموں کے ممتاز کہانی نویس سلیم خان نے آج اپنے فرزند سلمان خان کی کی جانب سے معذرت کا اظہار کیا ہے جبکہ فلمی اداکار سے فلم ’’سلطان ‘‘ کی شوٹنگ کے بارے میں سوال کئے جانے پر اپنا تقابل ایک عصمت ریزی کا شکارخاتون سے کیا تھا۔ فلم ’شعلے ‘ کے 80سالہ رائٹر نے کہا کہ ان کے فرزند نے جو بھی تبصرہ کیا ہے بالکلیہ غلط ہے ۔ سلیم خان نے اپنے ٹوئٹر پر کہا ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ سلمان خان نے جو کچھ بھی کہا ہے بالکلیہ غلط ہے کیونکہ بے موقع اور بے محل ایک غلط مثال پیش کی گئی گوکہ ان کی نیت خراب نہیں تھی لیکن الفاظ کا انتخاب غیر مناسب تھا جس پر فلمی اداکار کے خاندان، پرستاران اور دوست احباب کی جانب سے میں ( سلیم خان ) معذرت خواہاں ہوں۔ ریسلنگ ڈرامہ پر مبنی فلم ’سلطان ‘ کیلئے 50سالہ اداکار سلمان سخت تربیت حاصل کررہے ہیں۔ انہوں نے ایک تفریحی چیانل کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا تھا کہ ایک منظر کی شوٹنگ کے بعد وہ اپنے آپ کو ایک عصمت ریزی کا شکار خاتون محسوس کررہے تھے۔ لیکن ان کا یہ ریمارک تنازعہ کا شکار ہوگیا۔ ان کے مداحوں نے ٹوئٹر پر تنقید و تعریض شرو ع کردی ہے۔ دریں اثناء قومی کمیشن برائے خواتین کی صدر نشین للیتا کمار منگلم نے آج فلمی اداکار سلمان خان سے اپنا تقابل ایک عصمت ریزی کا شکار خاتون سے کرنے پر معذرت خواہی کا مطالبہ ہے اور بتایا کہ ان کا یہ بیان انتہائی غیر شائستہ پراگندہ ذہیت کا عکاس ہے۔ اس مسئلہ پر ازخود کارروائی کرتے ہوئے کمیشن نے فلمی اداکار سے کہا ہے کہ اندرون ایک ہفتہ اپنی وضاحت پیش کریں بصورت دیگر انہیں کمیشن کے روبرو طلب کیا جائیگا۔

TOPPOPULARRECENT