Monday , December 11 2017
Home / شہر کی خبریں / فلم انڈسٹری کو شک کی نظر سے دیکھنے پر اعتراض

فلم انڈسٹری کو شک کی نظر سے دیکھنے پر اعتراض

ثبوت کی بنیاد پر ہی پوچھ تاچھ ، وزیر سنیما ٹو گرافی سرینواس یادو
حیدرآباد ۔ 26 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : وزیر سنیما ٹو گرافی تلنگانہ سرینواس یادو نے ثبوت کی بنیاد پر فلمی شخصیتوں سے پوچھ تاچھ کرنے کا دعویٰ کر کے ساری فلم انڈسٹری کو شک کی نظر سے دیکھنے پر اعتراض کیا ۔ تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد میں سنسنی پیدا کرنے والے منشیات کیس پر پہلی مرتبہ ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سرینواس یادو نے کہا کہ منشیات کا معاملہ انتہائی سنگین ہے ۔ محکمہ اکسائز کی ایس آئی ٹی کی جانب سے تہہ تک پہونچتے ہوئے تحقیقات کی جارہی ہے ۔ جن کے خلاف پختہ ثبوت پائے گئے ہیں ۔ ایسے ہی ٹالی ووڈ کی شخصیتوں کو آبکاری بھون طلب کرتے ہوئے ان سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے ۔ محکمہ اکسائز عہدیداروں کی تحقیقات میں کئی چونکا دینے والے انکشافات ہوئے ہیں ۔ ڈرگس مافیا کا خاتمہ کرنے کے لیے تلنگانہ حکومت کی جانب سے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ تلگو فلم انڈسٹری کی 12 ہستیوں کو بھی نوٹس دی گئی ہے ۔ ریاستی وزیر سنیما ٹو گرافی نے کہا کہ فلمی شخصیتوں سے پوچھ تاچھ کی تکمیل کے بعد فلم انڈسٹری کی سرکردہ شخصیتوں کا اہم اجلاس طلب کرتے ہوئے مستقبل کی حکمت عملی تیار کی جائے گی ۔ انہوں نے اکسائز انفورسمنٹ کے ڈائرکٹر اکون سبھروال کی جانب سے اس مسئلہ پر تلگو فلم انڈسٹری دو حصوں میں تقسیم ہوجانے کے ریمارکس کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ٹالی ووڈ پوری طرح متحد ہے ۔ منشیات کے معاملے سے ساری تلگو فلم انڈسٹری کو جوڑ دینا غیر مناسب ہے جو قصور وار ہے ان کے خلاف قانون کے دائرے میں رہ کر کارروائی کی جانی چاہئے ۔ اگر چند فلمی شخصیتوں کا ڈرگس سے کوئی تعلق ہے تو اس کو انہیں تک محدود رکھیں ساری فلم انڈسٹری پر انگلیاں اٹھانا اور ان پر شکوک کا اظہار کرنا درست نہیں ہے ۔ سرینواس یادو نے کہا کہ منشیات استعمال کرنا ان کا شخصی معاملہ ہے جس کا متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں کی جانب سے جائزہ لیتے ہوئے کارروائی کی جارہی ہے ۔ ریاستی وزیر سنیما ٹو گرافی نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے منشیات کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جس کی وجہ سے یہ لعنت بڑوں سے ہوتے ہوئے بچوں تک پہونچ گئی ہے اور کئی افراد منشیات کے غلام بن گئے ہیں ۔ اس مسئلہ پر چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر سخت برہم اور ناراض ہے ۔ منشیات کا خاتمہ کرنے کے لیے حکومت سنجیدگی سے کام کررہی ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT