Saturday , May 26 2018
Home / ہندوستان / فلم ’پدماوتی‘ کی ریلیز پر حکم التواء سے سپریم کورٹ کا انکار

فلم ’پدماوتی‘ کی ریلیز پر حکم التواء سے سپریم کورٹ کا انکار

نئی دہلی 10 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے آج ایک عرضی کو قبول کرنے سے انکار کردیا جو بالی ووڈ فلم ’پدماوتی‘ کی ریلیز پر حکم التواء کی استدعا کے ساتھ داخل کی گئی تھی۔ اِس فلم میں دپیکا پڈوکون نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ عدالت نے کہاکہ سنسر بورڈ نے ابھی اِس فلم کو سرٹیفکٹ عطا نہیں کیا ہے۔ چیف جسٹس دیپک مصرا زیرقیادت بنچ نے شروع میں ہی دریافت کیاکہ آیا سنسر بورڈ نے اِس فلم کے لئے سرٹیفکٹ جاری کردیا ہے یا نہیں۔ بنچ میں جسٹس اے ایم کھانویلکر اور جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ بھی شامل ہیں۔ بنچ نے درخواست گذاروں کی کونسل سے پوچھا کہ آیا فلم سنسر بورڈ سے رجوع کردی گئی ہے اور آیا سنسر بورڈ نے اِس فلم کو سرٹیفکٹ عطا کردیا ہے۔ جب یہ مطلع کیا گیا کہ سنٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفکیشن نے ابھی اِس فلم کو سرٹیفکٹ جاری نہیں کیا، تب بنچ نے کہاکہ اِس عدالت کو ایسی صورتحال میں کوئی حکمنامہ جاری نہیں کرنا چاہئے۔ عرضی میں کہا گیا ہے کہ جنگ پر مبنی فلم تیرہویں صدی میں مہاراجہ رتن سنگھ اور میوار کی اُن کی آرمی نیز دہلی کے سلطان علاء الدین خلجی کے درمیان تاریخی لڑائی کی عکاسی کرتی ہے۔

TOPPOPULARRECENT