فلک نما علاقہ میں پولیس کا کارڈن سرچ آپریشن ‘ مشکوک افراد گرفتار

حیدرآباد /24 نومبر ( سیاست نیوز ) گلوبل انٹرپرینر شپ چوٹی کانفرنس کے پیش نظر فلک نما علاقہ میں سیکوریٹی کے وسیع ترین انتظامات کئے جارہے ہیں اور فلک نما کے اطراف و اکناف علاقوں کے 3500 عوام کی مردم شماری کی جارہی ہے ۔ یہاں مقیم افراد کی تمام تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں ۔ آج صبح پولیس کی جانب سے کارڈن سرچ آپریشن کیا گیا ۔ اس کارروائی میں 250 پولیس ملازمین اور 5 پلاٹون پولیس فورس کی مدد سے علاقہ مدینہ کالونی ، بی بی کا چشمہ ، وٹے پلی ، پردہ گیٹ دیگر علاقوں میں صبح 5.30 تا 8.30 بجے گھر گھر تلاشی لی گئی ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون وی ستیہ نارائنا کی نگرانی میں اس کارروائی کا آغاز کیا گیا اور پولیس نے اس آپریشن میں 60 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا جن میں دو عمانی باشندے بھی شامل ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ حراست میں لئے گئے عمانی شہری علاج کیلئے شہر آئے تھے اور پولیس کو شبہ ہے کہ یہ کم عمر لڑکیوں سے شادی کی غرض سے علاقہ فلک نما میں مقیم تھے ۔ پولیس نے اس کارروائی میں 51 موٹر سائیکلیں ، تین آٹو اور دو کاریں برآمد کرلئے ہیں جن کے دستاویزات موجود نہیں ہے ۔ مسٹر ستیہ نارائنہ نے بتایا کہ ساؤتھ کی لا اینڈ آرڈر پولیس صرف تاج فلک نما کے باہر علاقوں کی سیکوریٹی کے انتظامات کر رہی ہے جبکہ داخلی سیکوریٹی کی ذمہ داری امریکی سیکریٹ سرویس اور اسپیشل پروٹیکشن گروپ نے حاصل کرلی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 28 نومبر کو منعقد ہونے والے سرکاری عشائیہ کے پیش نظر ان علاقوں میں مزید کارڈن سرچ آپریشن کئے جائیں گے ۔

TOPPOPULARRECENT