Tuesday , September 25 2018
Home / کھیل کی خبریں / فلیچر کا دائرہ محدود ، روی شاستری ہندوستانی ٹیم ڈائریکٹر منتخب

فلیچر کا دائرہ محدود ، روی شاستری ہندوستانی ٹیم ڈائریکٹر منتخب

نئی دہلی۔ 19 اگست (سیاست ڈاٹ کام)انگلینڈ کے خلاف ٹسٹ سیریز میں ہندوستان کی شرمناک شکست کے بعد بی سی سی آئی نے آج عملی طور پر کوچ ڈنکن فلیچر کے دائرہ کو محدود کرتے ہوئے ہندوستانی ٹیم کے سابق کپتان روی شاستری کو ٹیم کا ڈائریکٹر مقرر کیا ہے جبکہ بولنگ کوچ جیو ڈیوس اور فیلڈنگ کوچ ٹریور پیننی کو ونڈے سیریز کیلئے آرام دے دیا گیا ہے۔ علاوہ از

نئی دہلی۔ 19 اگست (سیاست ڈاٹ کام)انگلینڈ کے خلاف ٹسٹ سیریز میں ہندوستان کی شرمناک شکست کے بعد بی سی سی آئی نے آج عملی طور پر کوچ ڈنکن فلیچر کے دائرہ کو محدود کرتے ہوئے ہندوستانی ٹیم کے سابق کپتان روی شاستری کو ٹیم کا ڈائریکٹر مقرر کیا ہے جبکہ بولنگ کوچ جیو ڈیوس اور فیلڈنگ کوچ ٹریور پیننی کو ونڈے سیریز کیلئے آرام دے دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں بی سی سی آئی پر بننے والے شدید دباؤ کے نتیجہ میں بورڈ نے سابق کھلاڑی سنجے بانکر اور بھارت ارون کو اسسٹنٹ کوچ کے علاوہ آر سریدھر کو فیلڈنگ کوچ مقرر کیا ہے۔ ان تبدیلیوں کے باوجود فلیچر ہندوستانی ٹیم کے ہیڈکوچ رہے ہیں، لیکن بورڈ نے واضح اشارہ دے دیا ہے کہ ان کے دائرۂ اختیار کو کافی محدود کردیا گیا ہے۔ روی شاستری ہندوستانی ٹیم کے ڈائریکٹر مقرر کئے گئے ہیں جو کہ 25 اگست کو شروع ہونے والی ونڈے سیریز کیلئے اپنا عہدہ سنبھالیں گے۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ روی شاستری کو ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے بلکہ 2007ء میں ویسٹ انڈیز منعقدہ ورلڈ کپ میں ہندوستانی ٹیم کے ناقص مظاہروں کے بعد بھی انہیں اس عہدہ پر فائز کیا گیا تھا۔ گریگ چیاپل کو کوچ کے عہدہ سے برطرف کرنے کے بعد دورۂ بنگلہ دیش کیلئے روی شاستری کو کرکٹ مینیجر مقرر کیا گیا تھا۔ بی سی سی آئی کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران بی سی سی آئی کی جانب سے اہم عہدیداروں سے کئے جانے والے تبادلہ خیال کے نتیجہ میں بورڈ نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کی خدمات حاصل کی جائیں۔ روی شاستری بیرونی دورہ پر انگلش ٹیم کے خلاف کھیلی جانے والی ونڈے سیریز میں ہندوستانی ٹیم کی رہبری کریں گے۔ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ موجودہ کوچ مسٹر ڈنکن فلیچر بحیثیت ہیڈکوچ اپنی خدمات جاری رکھیں گے، لیکن معاون عملہ میں کنگس الیون پنجاب کے کوچ سنجے بانکر اور انڈر 19 کے کوچ بھارت ارون کے علاوہ فیلڈنگ کوچ ایم وی سریدھر کو ڈیوس اور پیننی کے مقام پر ٹیم کے عہدے دیئے گئے ہیں۔ پریس ریلیز میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بی سی سی آئی کے بولنگ کوچ جیو ڈیوس اور فیلڈنگ کوچ ٹریور پیننی کو آرام کا موقع دیا ہے چونکہ اب ان کے مقام پر سنجے بانکر کے علاوہ سابق فاسٹ بولر بھارت ارون بحیثیت اسسٹنٹ کوچ اپنی خدمات فراہم کریں گے۔

آر سریدھر ونڈے سیریز کے لئے فیلڈنگ کوچ کی خدمات انجام دیںگے۔ 52 سالہ روی شاستری ہندوستان کیلئے 80 ٹسٹ مقابلے کھیلنے کے علاوہ 150 ونڈے مقابلوں میں بھی انہوں نے ٹیم کی نمائندگی کی ہے۔ ٹسٹ میں انہوں نے 3,830 رنز اور ونڈے میں 3,108 رنز اسکور کئے ہیں۔ بولنگ میں انہوں نے ٹسٹ میں 151 اور ونڈے میں 129 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ علاوہ ازیں انگلینڈ کے خلاف ٹسٹ سیریز میں ہندوستان کی 1-3 کی شکست کے بعد ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے بیشتر سابق کھلاڑیوں نے کوچ ڈنکن فلیچر کو برطرف کرنے کا مطالبہ کرنے کے علاوہ مہندر سنگھ دھونی کی ٹسٹ قیادت پر بھی شدید تنقید کی ہے۔ فلیچر کی سرپرستی میں ہندوستانی ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف 7، آسٹریلیا کے خلاف 4 ، نیوزی لینڈ اور جنوبی آفریقہ کے خلاف فی کس ایک ٹسٹ میں شکست ہوئی ہے۔

TOPPOPULARRECENT