Thursday , February 22 2018
Home / ہندوستان / ’’فوجی کیمپ پر حملہ روہنگیا پناہ گزینوں کی موجودگی کا شاخسانہ ‘‘

’’فوجی کیمپ پر حملہ روہنگیا پناہ گزینوں کی موجودگی کا شاخسانہ ‘‘

اسپیکر کشمیر اسمبلی کا متنازعہ بیان ، اپوزیشن کے احتجاج پر ریکارڈ سے حذف
حملے کی اطلاع پر بی جے پی اراکین کی ایوان میں پاکستان کیخلاف نعرہ بازی
جموں ۔ 10 فبروری ۔( سیاست ڈاٹ کام ) جموں وکشمیر اسمبلی کے اسپیکر کویندر گپتا نے ایک متنازعہ بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ جموں کے مضافاتی علاقہ سنجوان میں واقع 36 بریگیڈ فوجی کیمپ پر فدائین حملہ علاقہ میں روہنگیا مسلمانوں کی موجودگی کی وجہ سے پیش آیا ہے ۔ اپوزیشن نیشنل کانفرنس اور کانگریس نے اسپیکر کی جانب سے ایوان میں دیئے گئے اس بیان پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسپیکر کی جانب سے ایک مخصوص کیمونٹی کو نشانہ بنایا گیا ہے ۔ تاہم اسپیکر نے بعدازاں تمام متنازعہ بیانات کو ایوان کی کارروائی سے حذف کرنے کی ہدایت جاری کی۔ ہفتہ کی صبح جوں ہی قانون ساز اسمبلی کی کارروائی شروع ہوئی تو حکمران جماعت بی جے پی کے بیشتر ارکان اپنی سیٹوں سے اُٹھ کھڑے ہوئے اور پاکستان کے خلاف شدید نعرے بازی شروع کردی۔ اس دوران پارٹی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر تمام اراکین نے سنجوان میں فوجی کیمپ پر حملے کی مذمت کی۔ بی جے پی کے احتجاجی اراکین جن کی قیادت پارٹی کے شعلہ بیان لیڈر رویندر رینا کررہے تھے ، انھوں نے پاکستان مردہ باد اور پاکستان ہائے ہائے کے زوردار نعرے لگائے ۔ بی جے پی رُکن و ریاستی صدر ست شرما نے نعرے بازی کے درمیان کہا کہ اسپیکر صاحب آج آپ کے حلقہ انتخاب میں پاکستان کی طرف سے وحشیانہ حرکت کی گئی ہے ۔ چھوٹے چھوٹے بچوں کو نشانہ بنایا گیا ہے ۔ اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان بوکھلاہٹ کا شکار ہے ۔ اس دوران اسپیکر کویندر گپتا جوکہ گاندھی نگر حلقہ انتخاب سے بی جے پی رکن اسمبلی ہیں، انھوں نے کہا کہ یہ حملہ علاقہ میں روہنگیا پناہ گزینوںکی موجودگی کی وجہ سے پیش آیا ہے۔قابل ذکر ہے کہ سنجوان کا علاقہ حلقہ اسمبلی گاندھی نگر میں آتا ہے ۔ اسپیکر نے کہا کہ علاقہ میں روہنگیا پناہ گزینوں کی موجودگی ایک سیکورٹی خطرہ بن گیا ہے ۔ حملے میں ان پناہ گزینوں کا بھی ہاتھ ہوسکتا ہے۔ اسپیکر کے بیان سے ایوان میں موجود اپوزیشن نیشنل کانفرنس اور کانگریس کے اراکین غصے میں آگئے اور ایوان کے وسط میں پہنچ کر اسپیکر کے روبرو زوردار احتجاج کرنے لگے ۔

TOPPOPULARRECENT