Wednesday , December 19 2018

فوڈ سیکورٹی کارڈ کی حصولیابی انتہائی آسان

سادہ کاغذ پر درخواستوںکی وصولی۔ وزیر فینانس ای راجندر کا بیان

سادہ کاغذ پر درخواستوںکی وصولی۔ وزیر فینانس ای راجندر کا بیان
حیدرآباد۔15۔اکتوبر (سیاست نیوز) وزیر فینانس ای راجندر نے واضح کیا کہ فوڈ سیکوریٹی کے حصول کیلئے حکومت نے قواعد میں آسانیاں پیدا کی ہیں تاکہ عوام کو کارڈ کے حصول میں سہولت ہو۔ انہوں نے کہا کہ فوڈ سیکوریٹی کارڈ کے حصول کیلئے افراد خاندان کی تفصیلات سادہ کاغذ پر تحریر کرنا کافی ہے اور حکام اسے قبول کرلیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ عہدیداروں کی جانب سے درخواست فارم کے نمونے سربراہ کئے جارہے ہیں تاہم اگر کوئی شخص سادہ کاغذ پر بھی درخواست دے تو اسے بھی قبول کرلیا جائے گا۔ وزیر فینانس نے کہا کہ حکومت کی جانب سے نئے کارڈس کی اجرائی تک پرانے کارڈس پر ہی چاول سربراہ کیا جائے گا ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ فوڈ سیکوریٹی کارڈس کے حصول کے لئے درمیانی افراد کے دھوکہ میں نہ آئیں۔ ای راجندر نے بتایا کہ قواعد کی تکمیل کی صورت میں کارڈ کی اجرائی یقینی ہے جس کے ذریعہ غریب خاندانوں کو ماہانہ 30 کیلو چاول سربراہ کیا جائے گا۔ انہوں نے تلنگانہ میں برقی بحران کے مسئلہ کو سیاسی رنگ دینے کیلئے کانگریس اور تلگو دیشم کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ وزیر فینانس نے کہا کہ یہ جماعت ٹی آر ایس حکومت کو بدنام کرنے کیلئے بے بنیاد الزامات عائد کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ریاستوں کو اپنی دونوں آنکھ قرار دینے والے چندرا بابو نائیڈو برقی کی سربراہی کے سلسلہ میں تلنگانہ سے ناانصافی کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آندھراپردیش میں موجود برقی پراجکٹس سے آندھراپردیش کو ان کے حصہ کے مطابق برقی سربراہ نہیں کی جارہی ہے۔ حالانکہ آندھراپردیش تنظیم جدید بل میں دونوں ریاستوں میں برقی کی تقسیم کی وضاحت کردی گئی تھی ۔ راجندر نے بتایا کہ حکومت برقی بحران پر قابو پانے کیلئے جنگی خطوط پر اقدامات کر رہی ہے اور بہت جلد برقی کی قلت ختم ہوجائے گی۔ انہوں نے کسانوں سے کہا کہ وہ اپوزیشن جماعتوں کے بہکاوے میں آکر احتجاج کا راستہ اختیار نہ کریں۔ حکومت فصلوں کو نقصان سے بچانے کیلئے صنعتی شعبہ کو زائد کٹوتی کے ذریعہ زرعی شعبہ کو برقی سربراہ کرے گی۔

TOPPOPULARRECENT