Monday , June 18 2018
Home / کھیل کی خبریں / فٹبال ورلڈ کپ: شاطرانہ فاؤل برازیل کیلئے اہم

فٹبال ورلڈ کپ: شاطرانہ فاؤل برازیل کیلئے اہم

لندن ، 5 جون (سیاست ڈاٹ کام) فٹبال کے ماہرین اور تجزیہ نگاروں کا خیال ہے کہ شاطرانہ ڈھنگ اور موقعے کی مناسبت سے کھیل کے دوران فاؤل کرنا اہمیت کا حامل ہے اور اس لئے اس بار کے ورلڈ کپ میں برازیل کی بہتر کارکردگی کے امکانات زیادہ ہیں۔ واضح رہے کہ اس بار ورلڈ کپ برازیل میں منعقد کیا جا رہا ہے اور ٹیموں کی کارکردگی کے اعتبار سے برازیل کو ورلڈ کپ کے فاتح کے مضبوط دعویدار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارہ کے مطابق کنفیڈریشن کپ کے اعداد و شمار سے ایک دلچسپ بات سامنے آئی ہے کہ برازیل کے اسٹرائیکر نیمار دا سلوا سب سے زیادہ فاؤل کرنے والے کھلاڑی ہیں۔ برازیل کے 22 سالہ اسٹرائکر نیمار نے 2013ء میں منعقدہ کنفیڈریشن کپ کے مقابلوں میں 17 بار فاؤل کیا تھا

جبکہ دوسرے نمبر پر ان ہی کے ساتھی آسکر نے 14 بار فاؤل کیا تھا۔ نیمار کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ انتہائی باصلاحیت ڈربلر ہیں اور گیند کے رخ کو تیزی سے موڑنے میں ان کا توازن قابل دید ہے اور شاید اسی وجہ سے وہ مخالف ٹیم کے دفاعی کھلاڑیوں کیلئے ڈراؤنے خواب سے کم نہیں۔ گزشتہ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں نیدرلینڈز کے ہاتھوں شکست کے بعد برازیل کے کوچ ڈونگا کو برطرف کر دیا گیا تھا اور اس کے بعد ان کی جگہ مانو مینیزس کو لیا گیا جنھوں نے برازیل کے کھیل کو روایتی طرز پر لانے کی کوشش کی ہے۔ تجزیہ نگاروں کے مطابق برازیل کے کھیل کی خوبصورتی اور ان کی قوت جوابی حملے میں مضمر ہے، لیکن اگر مخالف ٹیم حملے نہیں کرتی تو پھر ان کی قوت کا اظہار نہیں ہو پاتا۔ اسی کے پیش نظر مینیزس نے گزشتہ عالمی کپ میں کھیلنے والی ٹیم میں اور کھیل کے انداز میں تبدیلیاں کیں۔

انھوں نے ہی نیمار اور آسکر جیسے کھلاڑیوں کی نشاندہی کی اور ان کی شمولیت سے ایک مضبوط ٹیم بنانے کی کوشش کی تاہم بعد میں ان کی جگہ لوئی فلپ اسکولاری کو واپس بلایا گیا ہے۔ انھوں نے بھی ٹیم میں قدرے تبدیلیاں کیں اور سنٹر فارورڈ کو واپس لائے اور سنٹر بیک کے سامنے والی خالی جگہ کی ذمہ داری مڈفیلڈر گستاوو کو دی گئی۔ واضح رہے کہ انھوں نے حریف ٹیم پر مینیزس کے تیز حملے کی حمکت عملی کو رہنے دیا لیکن اس کی وجہ سے جو خلا پیدا ہو رہا تھا اسے پر کرنے کوشش کی ہے۔ 1999 ء میں اسکولاری نے کہا تھا کہ’ ’معمول کے اچھے فٹبال کے کھیل کے درمیان بعض اوقات کسی کھلاڑی کو دانستہ طور پر دھکا دینا، جرسی کھینچنا، کندھا مارنا جیسے فاؤلز کرنے پڑتے ہیں تاکہ حریف ٹیم کو منظم ڈھنگ سے گول کرنے کا موقع نہ مل سکے‘‘۔

TOPPOPULARRECENT