Friday , November 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / فٹنس کی وجہ سے کھیل پر اثر: سائنا نہوال

فٹنس کی وجہ سے کھیل پر اثر: سائنا نہوال

ناگپور۔25 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) سائنا نہوال نے گزشتہ ایک ماہ کے دوران ناکامیوں کے لئے مکمل فٹنس کی کمی کو ذمہ دار قرار دیا۔ ہندوستانی اتھلیٹ کو فرنچ اوپن سوپر سیریز کے کوارٹر فائنل میں شکست ہوئی تھی۔ تھائی لینڈ کی رچانوک اینٹانون نے انہیں ہرادیا اور یہ حالیہ عرصہ کے دوران سائنا نہوال کا متواتر تیسرا ناقص مظاہرہ رہا۔ اس سے پہلے جاپان اوپن اور ڈنمارک اوپن دونوں ٹورنمنٹوں میں بھی سائنا نہوال دوسرے رائونڈ سے آگے رسائی حاصل نہ کرسکی۔ اس طرح سائنا کی عالمی رینکنگ اب نمبر 2 پر چلی گئی ہے۔ اسپین کی کیرولینا مارین نے سرفہرست مقام حاصل کرلیا۔ سائنا نے اعتراف کیا کہ وہ پوری طرح فٹ نہیں ہیں اور اس کا گیم پر اثر ہورہا ہے۔ ورلڈ چمپئن شپ کے بعد ان کے دائیں پیر میں تکلیف تھی اور صد فیصد فٹ ہونے کے لئے انہیں وقت درکار ہوگا۔ یہ اولمپک کا سال ہے اس لئے وہ کسی طرح کا وقفہ لینا نہیں چاہتیں۔ وہ اپنی رینکنگ کو برقرار رکھنے کے لئے کوئی بھی ٹورنمنٹ سے غیر حاضر نہیں رہ سکتی ہیں۔ 25 سالہ سائنا نہوال نے اگست میں جکارتہ میں کھیلے گئے ورلڈ چمپئن شپ کے فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔ وہ ہندوستان کی پہلی ورلڈ چمپئن بننے کے قریب پہنچ گئی تھیں لیکن اسپین کی کیرولینا مارین نے فائنل مقابلہ میں ان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ لندن اولمپکس کی برانز میڈلسٹ سائنا نہوال کو عالمی نمبر ایک رینک سے محرومی کا افسوس نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دوبارہ یہ مقام کب حاصل ہوگا وہ نہیں بتاسکتیں لیکن ان کی کوشش مسلسل جاری رہے گی۔ سائنا اب پیرس سے ہندوستان واپس ہورہی ہیں اور چند دن آرام کے بعد وہ چین اوپن سوپر سیریز پریمیر کے لئے روانہ ہوں گی جو فیوجان میں 10 تا 15 نومبر منعقد ہورہا ہے۔

TOPPOPULARRECENT