Tuesday , November 21 2017
Home / شہر کی خبریں / فٹ پاتھ پر غیر مجاز قبضہ جات برخواستگی مہم میں شدت

فٹ پاتھ پر غیر مجاز قبضہ جات برخواستگی مہم میں شدت

جامباغ روڈ پر ٹریفک پولیس کی کارروائی ‘ عوام کا شدید احتجاج
حیدرآباد ۔ /9 مارچ (سیاست نیوز) شہر میں فٹ پاتھ پر موجودہ غیر مجاز قبضوں کو برخواست کرنے کی مہم میں شدت پیدا کردی گئی ہے ۔ تاہم ٹریفک پولیس کی یہ مہم صرف غریب تاجروں تک محدود نظر آرہی ہے ۔ آج اس مہم کے تحت علاقہ سلطان بازار ٹریفک پولیس حدود میں غیر مجاز قبضوں کو برخواست کردیا گیا ۔ علاقہ جامباغ میں ٹریفک پولیس کی اس مہم سے تاجروں نے اپنی سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے اور ٹریفک پولیس کی کارروائی پر اپنا احتجاج درج کروایا ۔ حالانکہ ٹریفک پولیس کی مہم شہر بھر میں جاری ہے ۔ جامباغ علاقہ میں اچانک اس مہم سے علاقہ میں سنسنی پھیل گئی تھی اور کئی چھوٹے تاجرین اپنی دوکانات اور  سامان کے متعلق فکر مند تھے ۔ ٹریفک پولیس نے درخواست کرنے کے باوجود بھی دوکانات کے سامنے موجودہ فٹ پاتھ پر قبضوں کو برخواست کردیا یہاں تک پولیس نے اس علاقہ میں گرمی کی شدت اور دھوپ سے بچنے کے لئے ڈالے گئے چھپر بھی نکال دیئے ۔ اس خصوص میں سلطان بازار ٹریفک سے رابطہ قائم کرنے پر انسپکٹر سلطان بازار محمد منور نے بتایا کہ فٹ پاتھ پر قبضوں کو ہٹانے کے لئے شہر بھر میں ٹریفک پولیس کی خصوصی مہم جاری ہے اور اس مہم کے تحت سلطان بازار کے مختلف علاقوں میں کارروائی کی گئی ۔ انہوں نے بتایا کہ ٹریفک پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کی نگرانی اور خصوصی ہدایت پر اقدامات کئے جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہم شہر بھر میں کئی دنوں سے جاری ہے تاکہ ٹریفک کے بہاؤ کو آسان بناتے ہوئے پیدل چلنے والے شہریوں کے لئے فٹ پاتھ کو بحال کیا جاسکے ۔ فٹ پاتھ کاروباریوں کے سبب شہر میں غیر مجاز پارکنگ کا سلسلہ بھی دن بہ دن سنگین صورتحال اختیار کرتا جارہا ہے ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT