Tuesday , December 12 2017
Home / کھیل کی خبریں / فکسنگ کی پیشکش ٹھکرانا نوجوانوں کیلئے مثال :آرتھر

فکسنگ کی پیشکش ٹھکرانا نوجوانوں کیلئے مثال :آرتھر

شارجہ۔23 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام )پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ مکی آرتھر نے بکی کی جانب سے فکسنگ کی پیشکش کو ٹھکراتے ہوئے متعلقہ حکام کو اس بارے میں مطلع کرنے پر سرفراز احمد کو سراہتے ہوئے انہیں نوجوانوں کیلئے مثال قرار دیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہفتے کو تصدیق کی تھی کہ سری لنکا کے خلاف متحدہ عرب امارات میں جاری سیریز کے دوران فکسنگ کی پشکش کے ساتھ کھلاڑی تک رسائی کی گئی تھی لیکن مذکورہ کھلاڑی نے بغیر کسی تاخیر کے بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ کو اس بارے میں آگاہ کردیا۔ مذکورہ کھلاڑی کوئی اور نہیں بلکہ پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد ہیں۔شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے مکی آرتھر نے سرفراز احمد کا نام لیے بغیر کہا کہ مذکورہ کھلاڑی نے غیریقینی حد تک بہترین طریقے سے اس معاملے کو حل کیا، جو کچھ بھی ان سے درکار تھا انہوں نے وہ کیا اور ہماری اس کے بعد گفتگو بھی ہوئی۔ہیڈ کوچ نے مذکورہ کپتان کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے معاملے کو بہترین طریقے سے انجام دیا اور میرے خیال میں یہ ہماری ٹیم اور پوری دنیائے کرکٹ کیلئے ایک مثال ہے کہ ہمارے ایک انتہائی اہم کھلاڑی تک پہنچ کر فکسنگ کی پیشکش کی اور اس نے قانون کے مطابق عمل کرتے ہوئے کھیل کا بہترین سفیر ہونے کا ثبوت دیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ اس معاملے سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔مکی نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اگر اس طرح کی صورتحال درپیش ہوئی تو ان کی ٹیم کے کھلاڑی اسی رویے کا مظاہرہ کریں گے۔میں اپنے کھلاڑیوں کے ساتھ بہت مطمئن ہوں، یہ ایک بہترین اور ذہین نوجوان کا مجموعہ ہے اور مجھے اس بات میں کوئی شک نہیں کہ اگر ان میں سے کسی کھلاڑی سے فکسنگ کی پیشکش کی گئی وہ بھی وہی طریقہ کار اپنائے گا جو اس فرد واحد نے کیا۔آئی سی سی کے اینٹی کرپشن قوانین کے تحت کھلاڑی کو فوری طور پر فکسنگ کی پیشکش کے بارے میں رپورٹ کرنا ہوتا اور ایسا کرنے میں ناکام پر چھ ماہ سے تاحیات پابندی تک کی سزا بھگتنی پڑ سکتی ہے۔اسپاٹ فکسرز کی جانب سے پاکستان کرکٹ پر کاری ضرب لگانے کا سلسلہ تسلسل سے جاری ہے جس کا آغاز رواں پاکستان سوپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن میں ہوا تھا جب اسلام آباد یونائیٹڈ کے شرجیل خان اور خالد لطیف سمیت متعدد کھلاڑیوں کو فکسنگ کی پیشکش کی گئی۔دونوں مذکورہ کھلاڑیوں کو بورڈ کی جانب سے سخت سزا دی گئی جبکہ فاسٹ بولر محمد عرفان کو بھی مطلع نہ کرنے پر سزا سنائی گئی تھی۔

TOPPOPULARRECENT