Sunday , December 17 2017
Home / شہر کی خبریں / فہرست رائے دہندگان مسئلہ پر کانگریس کا پروپگنڈہ غیر ضروری : سرینواس یادو

فہرست رائے دہندگان مسئلہ پر کانگریس کا پروپگنڈہ غیر ضروری : سرینواس یادو

حیدرآباد ۔ 22 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : وزیر کمرشیل ٹیکسیس مسٹر ٹی سرینواس یادو نے کانگریس پارٹی کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور الزام عائد کیا کہ فہرست رائے دہندگان سے رائے دہندوں کے نام حذف کردینے کے مسئلہ پر کانگریس پارٹی انتہائی نچلی سطح کی سستی سیاست کررہی ہے ۔ آج یہاں سکریٹریٹ میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ حلقہ اسمبلی صنعت نگر میں رائے دہندوں کے ناموں کو فہرست رائے دہندگان سے نکال دینے کا اظہار کر کے غیر ضروری واویلا مچا رہے ہیں ۔ انہوں نے کانگریس پارٹی قائدین کے طرز عمل پر اپنی شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے دریافت کیا کہ ایک حلقہ اسمبلی سے 1.30 لاکھ رائے دہندوں کے ناموں کو نکال دیا جاسکتا ہے اور مزید دریافت کیا کہ آخر اب تک کتنے رائے دہندوں نے اپنے ناموں کو نکالدینے کی حکومت سے شکایت کی ہے ۔ انہوں نے سخت الفاط میں کہا کہ درحقیقت کانگریس قائدین کو کوئی مصروفیت نہ رہنے کی وجہ سے سستی شہرت کے حصول کے لیے سستی سیاست کررہے ہیں ۔ وزیر کمرشیل ٹیکسیس نے مزید کہا کہ حکومت نے کسانوں کو بھروسہ دیا ہے جب کہ سابق حکومتوں نے کسانوں کو بالکلیہ طور پر نظر انداز کر کے رکھ دیا تھا ۔ جس کی وجہ سے آج یہی کسان سابق حکومت کی غلط پالیسیوں و اقدامات کی وجہ سے خود کشی کرنے پر مجبور ہورہے ہیں اس طرح سابقہ حکومت کی غلط پالیسیوں کا خمیازہ آج تلنگانہ راشٹرا سمیتی کی زیر قیادت حکومت کو بھگتنا پڑرہا ہے ۔ انہوں نے پر زور الفاظ میں کہا کہ ٹی آر ایس زیر قیادت حکومت نے کسانوں کے خود کشی واقعات پر مہلوک کسانوں کے افراد خاندان کے لیے ایکس گریشیا رقم کو بڑھا کر 6 لاکھ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ وزیر کمرشیل ٹیکس نے کسانوں سے ہمت کے ساتھ رہنے اور صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کی پر زور اپیل کی ۔۔

TOPPOPULARRECENT