Wednesday , December 12 2018

فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت و اخراج پر کانگریس کی کمیٹی تشکیل

ششی دھر ریڈی قیادت کریں گے ، صدر تلنگانہ پی سی سی اتم کمار ریڈی کا بیان
حیدرآباد ۔ 15 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت اور اخراج کا جائزہ لینے کے لیے سابق وزیر ایم ششی دھر ریڈی کی قیادت میں کانگریس کی ایک کمیٹی تشکیل دی ہے ۔ جس میں بحیثیت ارکان میں عابد رسول خاں بھی شامل ہیں ۔ حال ہی میں ریاستی الیکشن کمیشن نے فہرست رائے دہندگان پر نظر ثانی کی ہے اور کئی رائے دہندگان کے نام ووٹر لسٹ سے خارج کردئیے ہیں ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے الیکشن کمیشن کے اس عمل کا جائزہ لینے کے لیے سابق ریاستی وزیر ایم ششی دھر ریڈی کی صدارت میں ایک کمیٹی تشکیل دی ہے ۔ کمیٹی میں عابد رسول خاں ، بی کملا کر راؤ ، جی نرنجن ، اے شیام موہن ، ایم آر جی ، ونود ریڈی ، پریم لتا اگروال ، ٹی نریندر راؤ ، ٹی راجیشور راؤ اور پی راجیش کو بحیثیت ارکان شامل کیا ہے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے ساتھ اجلاس طلب کرنے کے بعد گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ششی دھر ریڈی نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے فہرست رائے دہندگان پر نظر ثانی کا آغاز کیا ہے ۔ کانگریس پارٹی کے قائدین بوتھ سطح پر ووٹر لسٹ کی نظر ثانی پر توجہ دیتے ہوئے خصوصی نظر رکھیں تاکہ حقیقی ووٹر کو فہرست سے نکالنے سے بچایا جاسکے اور 18 سال عمر مکمل کرنے والے نوجوانوں کے نام فہرست رائے دہندگان میں شامل کیا جاسکے ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست کے 119 اسمبلی حلقوں کے منجملہ 36 اسمبلی حلقے شہری علاقوں میں موجود ہیں ۔ ماباقی دیہی علاقوں میں شمار کئے جاتے ہیں ۔ ششی دھر ریڈی نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے 17 تا 24 دسمبر تک فہرست رائے دہندگان کی نظر ثانی پر کوئی شکایت و اعتراض ہے تو اس کی نشاندہی کرنے کی مہلت دی ہے ۔ انہوں نے گھر گھر سروے کیے بغیر ووٹر لسٹ پر نظر ثانی کرنے کا ریاستی الیکشن کمیشن پر الزام عائد کیا ہے ۔ ششی دھر ریڈی نے کانگریس قائدین اور کارکنوں کو چوکنا ہوتے ہوئے اس پر خصوصی نظر رکھنے کا مشورہ دیا اور کہا ہے کہ ماضی میں بھی جی ایچ ایم سی کے انتخابات سے قبل بڑے پیمانے پر ووٹر لسٹ سے کئی ووٹرس کو خارج کردیا گیا تھا ۔۔

TOPPOPULARRECENT