Sunday , December 17 2017
Home / ہندوستان / فیروز پور میں خوف و دہشت کی لہر

فیروز پور میں خوف و دہشت کی لہر

ٹیلی فون لائن مین دیوار پر چڑھنے سے دہشت گرد کا گمان
فیروز پور ۔ 12 ۔ جنوری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : سرحدی ٹاون فیروز پور میں آج سیکوریٹی فورسیس کو چند گھنٹوں تک سخت آزمائش سے گذرنا پڑا ۔ جب 2 ٹیلی فون لائن مین ، فون لائن کی مرمت کے لیے ایک دیوار پر چڑھ گئے ۔ جنہیں غلطی سے دہشت گرد تصور کرتے ہوئے پورے فوجی علاقے ( کنٹونمنٹ ) کی ناکہ بندی کرلی گئی ۔ فوج کو اطلاع دیتے ہی مورچہ سنبھال لیا اور پورے علاقہ کا محاصرہ کرلیا گیا ۔ سریع الحرکت ٹیم کو آناً فاناً بھی طلب کرلیا گیا ۔ تاہم سی سی ٹی وی فوٹیج کا تجزیہ کرنے پر پتہ چلا کہ یہ دونوں مشتبہ افراد دراصل سگنلس رجمنٹ سے وابستہ ٹیلی فون لائن مین ہیں ۔ جو کہ اس علاقہ سے گذرنے والی فون لائنس کی مرمت کے لیے آئے ہیں چونکہ پٹھان کوٹ حملہ کی یادیں ہنوز تازہ ہیں اچانک دیوار پر چڑھنے کے واقعہ سے اس علاقہ میں خوف دہشت کی لہر دوڑ گئی اور اولیائے طلباء اپنے بچوں کو حاصل کرنے کے لیے اسکولوں کو پہنچ گئے ۔ سینئیر پولیس سپرنٹنڈنٹ فیروز پور مسٹر ہردیال سنگھ مان نے بتایا کہ دہشت گردوں کی دراندازی اور فائرنگ کی افواہیں بے بنیاد ہیں اور خوف و ہراس میں مبتلا ہونے کی چنداں ضرورت نہیں ہے ۔ واضح رہے کہ عسکریت پسند تنظیم جیش محمد سے وابستہ دہشت گردوں سے پاکستانی سرحد سے داخل ہو کر پٹھان کوٹ میں فضائیہ کے اڈہ پر 2 جنوری کی صبح اچانک حملہ کردیا تھا ۔ جس میں 7 سیکوریٹی اہلکار جان بحق اور 6 عسکریت پسند ہلاک ہوگئے تھے ۔۔

TOPPOPULARRECENT