Thursday , July 19 2018
Home / شہر کی خبریں / فیصلہ سنانے کے بعد این آئی اے جج مستعفی

فیصلہ سنانے کے بعد این آئی اے جج مستعفی

غیرمتوقع اقدام پر وکلاء حیرت زدہ ‘ عدلیہ میں ہلچل
حیدرآباد 16 اپریل (سیاست نیوز) نامپلی کریمنل کورٹ کے چوتھے ایڈیشنل میٹرو پولیٹن سیشن جج و این آئی اے کی خصوصی عدالت کے جج کے رویندر ریڈی نے مکہ مسجد بم دھماکے کیس کا فیصلہ سنانے کے بعد غیر متوقع اقدام کرتے ہوئے اپنی خدمات سے استعفیٰ دے دیا۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ جج کے رویندر ریڈی نے دھماکے کیس کے پانچوں ملزمین کو بری کرنے کے بعد اپنا استعفیٰ میٹرو پولیٹن سیشن جج ناگا بھوشنمکے حوالے کردیا۔ اِس اقدام کے بعد عدلیہ اور وکلاء میں ہلچل مچ گئی کیوں کہ جج کے اِس اچانک فیصلے نے کئی سوالات کھڑے کردیئے۔ جج نے اِس سلسلہ میں اپنا ردعمل ظاہر کرنے سے انکار کردیا۔ بتایا جاتا ہے کہ جج کے رویندر ریڈی نے استعفیٰ روانہ کرتے ہوئے فی الفور 15 دن کے لئے رخصت پر روانہ ہوگئے ہیں۔ باور کیا جاتا ہے کہ بعض گوشوں سے جج پر دھماکے کیس کے ملزمین کو بری کرنے کا دباؤ ڈالا گیا تھا جس کے نتیجے میں اُنھوں نے یہ غیرمتوقع اقدام کرتے ہوئے عدلیہ سے جڑے افراد کو حیرت زدہ کردیا۔ واضح رہے کہ کے رویندر ریڈی تلنگانہ کے حامی ہیں اور تلنگانہ جوڈیشیل آفیسرس اسوسی ایشن کے صدر ہیں اور اُنھوں نے سابق میںآندھرا سے تعلق رکھنے والے ججس کو تلنگانہ میں بڑے پیمانے پر اہم عدالتوں میں فائز کرنے پر اپنا احتجاج کیا تھا اور راج بھون تک ریالی نکالی تھی جس کے نتیجہ میں اُنھیں خدمات سے برطرف بھی کردیا گیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ جج رویندر ریڈی کی سبکدوشی کیلئے دو ماہ باقی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT