Friday , May 25 2018
Home / کھیل کی خبریں / فیفاورلڈکپ2018،خطاب کیلئے جرمنی سب سے آگے

فیفاورلڈکپ2018،خطاب کیلئے جرمنی سب سے آگے

 

سعودی اور ایران پر ایشیائی شائقین کی نظریں مرکوز
محمد الشلاوی اور احمد خلیل سے امیدیں وابستہ

ماسکو ۔16 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) دنیا کے مقبول ترین کھیل فٹ بال کا ورلڈ کپ آئندہ برس یعنی 2018 میں 14 جون تا 15 جولائی روس میں کھیلا جائے گا۔ فیفا ورلڈکپ میں پہنچنے والی ٹیموں کی صف بندی مکمل ہوگئی ہے۔چار مرتبہ کی عالمی چیمپئن اٹلی اور تین مرتبہ فائنل تک پہنچنے والی ہالینڈ کی ٹیم آئندہ فٹ بال ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہیں۔ دفاعی چیمپئن جرمنی کی مہم شاندار اور ہر طرح سے مثالی رہی۔ اپنے اختتام کو پہنچنے والے ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ مرحلے میں اپنے تمام میچز میں ناقابل تسخیر رہی اور ٹورنمنٹ کے لیے باآسانی کوالیفائی کر لیا۔ ٹیم دس کے دس میچ جیتی لیکن اور بھی زیادہ دلچسپ بات یہ ہے کہ ان میچوں میں جرمن کھلاڑیوں نے 43 گول اسکور کیے جبکہ ان کے خلاف اسکور ہونے والے گول کی مجموعی تعداد صرف چار تھی۔ یہی وجہ ہے کہ ابھی سے مبصرین جرمنی کو اس مرتبہ بھی یہ ٹورنمنٹ جیتنے کے لیے پہلی پسند قرار دے رہے ہیں۔کوالیفائنگ میچز میں انگلینڈ، اسپین اور بیلجیم کی ٹیموں نے بھی اپنا ایک بھی میچ نہیں گنوایا۔12 مارچ 2015 کو شر وع ہوئے ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ راونڈ میں 210 ممالک کے درمیان مجموعی طور پر 868 مقابلے کھیلے گئے، جن میں2454گول اسکور ہوئے۔ پولش فارورڈ رابرٹ لیوانڈووسکی کی کارکردگی سب سے نمایاں رہی، انہوں نے اپنی ٹیم کی جانب سے کیے جانے والے 28 میں سے 16 گول اسکور کیے۔ علاوہ ازیں لیوانڈووسکی وہ واحد کھلاڑی ہیں، جو کوالیفائنگ میچز کے کھیل کے ایک ہی منٹ کا حصہ تھے۔ان کے علاوہ سعودی عرب کے محمد الشلاوی اور متحدہ عرب امارات کے احمد خلیل نے بھی فی کس16 گول اسکور کیے۔ دلچسپ اور آخری میچ کے بعد کروشیا کی ٹیم نے بھی میگا ایونٹ کے لیے کوالیفائی کر لیا جبکہ آئس لینڈ کی ٹیم پہلی مرتبہ ٹورنامنٹ تک پہنچی ہے۔ یہ وہی ٹیم ہے، جس نے 2016 میں یورو کپ میں اپنے شاندار کھیل سے سب کو متاثر کیا تھا۔ جمہلہ 30000 آبادی والا ملک آئس لینڈ اس ٹورنمنٹ کا حصہ بننے والا سب سے چھوٹا ملک ہے۔ آئندہ ورلڈ کپ کے لیے بر اعظم افریقہ سے مصر، مراقش، نائجیریا، سینیگال اور تیونس کی ٹیموں نے رسائی حاصل کی ہے۔ ایشیا سے ایران، جاپان، جمہوریہ کوریا اور سعودی عرب کی ٹیمیں موجود ہیں۔ یورپ سے مجموعی طور پر چودہ ٹیموں نے رسائی حاصل کی ہے جن میں بیلجیم، فرانس، پرتگال، سویڈن، کروشیا، جرمنی، روس، سوئٹزرلینڈ، انگلینڈ، پولینڈ، اسپین، سربیا، ڈنمارک اور آئس لینڈ شامل ہیں۔کریبیئن، شمالی و وسطی امریکہ سے میکسیکو، پاناما اور کوسٹا ریکا تین ٹیموں نے کوالیفائی کیا۔ جنوبی امریکہ سے برازیل، یوروگوائے، ارجنٹینا اور کولمبیا نے جگہ بنائی ہے۔آسٹریلیا کی ٹیم بھی ہونڈراس کے خلاف فتح کے بعد مسلسل چوتھی اور مجموعی طور پر پانچویں مرتبہ میگا ایونٹ تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئی۔ اب کریملن میں یکم دسمبر کو قرعہ اندازی کے ذریعہ ورلڈ کپ کے لیے گروپ تشکیل دیے جائیں گے۔

 

TOPPOPULARRECENT