Saturday , December 16 2017
Home / کھیل کی خبریں / فیفا انڈر 17 ورلڈکپ: سیمی فائنل میں رسائی کیلئے آج مقابلہ

فیفا انڈر 17 ورلڈکپ: سیمی فائنل میں رسائی کیلئے آج مقابلہ

تین مرتبہ کی سابق چمپئن برازیل اور حریف جرمنی مد مقابل، سالٹ لیک اسٹیڈیم میں 60 ہزار شائقین فٹبال مقابلے کا مشاہدہ کریں گے
کولکاتا 21 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) فیفا انڈر 17 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں رسائی کے لئے میدان تیار ہے جہاں تین مرتبہ کی سابق چمپئن برازیل کا قدیم حریف جرمنی سے مقابلہ ہوگا۔ جب بھی یہ دو ٹیمیں ایک دوسرے کے مقابل رہیں شائقین فٹبال کے لئے میچ دلچسپی سے بھرپور ثابت ہوا۔ حالیہ عرصہ کے دوران جرمنی نے 2014 ء ورلڈکپ میں برازیل کو اُسی کی سرزمین پر 7-1 سے شکست دی تھی۔ جبکہ نیمر سے متاثر سلیکاؤ نے گزشتہ سال ریو اولمپکس میں گولڈ میڈل جیت کر شائقین کی داد حاصل کی تھی۔ سالٹ لیک اسٹیڈیم میں اب تک کئی غیرمعمولی میچس کا انعقاد عمل میں آیا جن میں میسی کے متاثرکن ارجنٹینا بمقابلہ ونیزویلا میچ بھی شامل ہے لیکن کل ہونے والا یہ میچ ہندوستانی سرزمین پر اب تک کا سب سے بڑا سرکاری نوعیت کا میچ ہوگا۔ کوارٹر فائنل کے اس مقابلے کے لئے تمام ٹکٹس فروخت ہوچکے ہیں اور کل جبکہ اتوار کو تعطیل رہے گی توقع ہے کہ شائقین کی تعداد اسٹیڈیم میں 60 ہزار سے بھی متجاوز ہوگی۔ کولکاتا میں عوام فٹبال کے بیحد شوقین ہیں لیکن ہندوستان کے مظاہرے نے اُنھیں اگرچہ مایوس کیا ہے اس کے باوجود مقابلوں کے دوران اسٹیڈیم میں اُن کی تعداد ہمیشہ 40 ہزار سے زیادہ رہی۔ برازیل کو یہاں عوام کی زبردست تائید حاصل ہے جبکہ 1977 ء میں عظیم فٹبال کھلاڑی پیل نے شہر کا یادگار دورہ کیا تھا۔ دوسری طرف جرمنی کی ٹیم انڈر 17 سطح پر اب تک ٹائٹل حاصل نہیں کرپائی۔ ٹیم کا سب سے بہتر مظاہرہ 1985 ء میں چین میں ہوئے ٹورنمنٹ کے افتتاحی ایڈیشن میں رہا جبکہ ویسٹ جرمنی اُس وقت رنر اپ رہی تھی۔ 2015 ء تک برازیل نے سب سے زیادہ میچس (75) کھیلے ہیں جن میں سب سے زیادہ کامیابیاں (47) بھی اسی ٹیم کی رہیں اور فیفا انڈر 17 ورلڈکپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول (166) بھی اسی نے بنائے۔ جرمنی کے سرکردہ کھلاڑی آرپ جنھوں نے اب تک 4 میچس میں 4 گول بنائے، یوبا اور بیسک ٹیم کے لئے اہم کھلاڑی رہیں گے جن پر انحصار کیا جارہا ہے اور توقع ہے کہ وہ برازیل کو سخت چیلنج دیں گے۔

TOPPOPULARRECENT