Saturday , December 16 2017
Home / کھیل کی خبریں / فیفا انڈر 17 ورلڈ کپ : ہندوستان کا آج طاقتور کولمبیا سے مقابلہ

فیفا انڈر 17 ورلڈ کپ : ہندوستان کا آج طاقتور کولمبیا سے مقابلہ

نئی دہلی ۔ 8 اکتوبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) فیفا انڈر 17 ورلڈ کپ میں ہندوستان کا کل طاقتور حریف کولمبیا سے مقابلہ ہوگا اور یہ ہندوستانی ٹیم کے استقلال کی ایک اور آزمائش رہے گی ۔ کسی بھی ورلڈ کپ گیم میں ہندوستان کیلئے یہ منفرد موقع رہا ہے جبکہ اُسے انٹرنیشنل فٹبال کے افتتاحی مقابلے میں امریکہ کے خلاف 3-0 سے شکست اُٹھانی پڑی تھی ۔ ہندوستان نے اگرچہ بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن امریکہ جیسی طاقتور ٹیم کے آگے وہ بے بس نظر آرہی تھی ۔ ایسا لگتا ہے کہ کل کولمبیا کے خلاف مقابلہ بھی کچھ اسی طرح کا رہے گا ۔ مڈفیلڈ پر مہارت کا مظاہرہ کرنے والے سریش سنگھ کا یہ احساس ہے کہ ہندوستان کو گول کے قطعی مرحلے میں اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔ انھوں نے کہاکہ کولمبیا کی ٹیم تمام شعبوں میں ہم سے کافی بہتر ہے لیکن توقع ہے کہ ہندوستانی ٹیم کا مظاہرہ بھی اچھا رہے گا ۔ میزبان ہندوستان کو نائجر اور اسی طرح کی دیگر ٹیموں سے سیکھنے کا موقع ہے جس نے کل رات ٹورنمنٹ کے ایک اور مقابلے میں شمالی کوریا کو شکست دیتے ہوئے ایک مثال قائم کی ۔ اگر آفریقی ملک اپنی حریف ٹیم کو شکست دے سکتا ہے تو پھر ہندوستانی ٹیم کیلئے یہ کام کیونکر مشکل ہوسکتا ہے ۔ سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ ہندوستان ان مقابلوں میں اب بھی مسابقتی کھیل نہیں پیش کرسکا اور دنیا کے سامنے اب تک یہ ثابت نہیں کرپایا کہ وہ ٹورنمنٹ میں اس لیگ کا اہل ہے ۔ کوچ لوئیس نورٹن ڈی میٹوس نے افتتاحی مقابلے میں ٹیم کے مظاہرے پر ناراضگی ظاہر کی تاہم انھوں نے توقع کا اظہار کیا کہ کھلاڑی جنوبی امریکہ جیسی ٹیم کے مقابلے اپنا بہتر مظاہرہ پیش کریں گے ۔ انھوں نے کہا کہ کو لمبیا ایک سخت حریف ٹیم ہے اور اُن کے پاس ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو ہمیں سخت مقابلہ دے سکتے ہیں۔ اس کیلئے ہندوستانی ٹیم کو بھی پوری طرح تیاری کرنی چاہئے ۔ انھوں نے کہاکہ ہم اس کے لئے تیار ہیں اور مقابلے میں کامیابی کے لئے کھیلیں گے ۔ انھوں نے کہاکہ امریکہ کے خلاف ٹیم میں بعض مواقع پر غلطی کی لیکن وہ چاہتے ہیں کہ کل ہونے والے مقابلے میں ٹیم بہتر مظاہرہ کرے گی۔

TOPPOPULARRECENT