Thursday , December 14 2017
Home / Top Stories / فیڈرر، اینڈی کی کوارٹرز میں رسائی ۔ ثانیہ و مارٹینا کی بھی پیشرفت

فیڈرر، اینڈی کی کوارٹرز میں رسائی ۔ ثانیہ و مارٹینا کی بھی پیشرفت

لندن ، 5 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ومبلڈن کے آٹھویں روز روجر فیڈرر اور اینڈی مرے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنلز میں پہنچ گئے ہیں۔ ادھر خواتین کے سنگلز مقابلوں میں سرینا ولیمز اور وینس ولیمز نے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ دوسری جانب خواتین کے ڈبلز مقابلوں میں ثانیہ مرزا اور مارٹینا ہنگز کی جوڑی بھی کوارٹر فائنلز میں پہنچ گئی ہے۔ اس جوڑی نے امریکی کھلاڑی میک ہیل اور لاٹویا کی جے اوسٹا پنکو کی حریف جوڑی کو بہ آسانی 1-6 اور 0-6 سے شکست دی۔ ہندوستانی کھلاڑی لینڈر پیس کے ساتھ سوئٹزر لینڈ کی اسٹار مارٹینا ہنگز کی جوڑی مکسڈ ڈبلز میں نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیم کو شکست دے کر تیسرے راؤنڈ میں پہنچ گئی ہے۔ انھوں نے یہ مقابلہ 4-6، 4-6 سے جیتا۔ سوئٹزرلینڈ کے فیڈرر نے امریکہ کے ایس جانسن کو تین سٹ میں 2-6، 3-6، 5-7 سے شکست دی ہے اور اب ان کا مقابلہ کروئشیا کے مائیکل سیلچ سے ہوگا۔ برطانیہ کے اینڈی مرے نے بھی اپنے آسٹریلوی حریف این کرگیوس کو بہ آسانی 5-7، 1-6، 4-6 سے شکست دی۔ اب ان کا مقابلہ فرانس کے کھلاڑی جے ڈبلیو سونگا سے ہوگا۔  خواتین کے سنگلز مقابلوں کی درجہ بندی میں عالمی نمبر ایک سرینا ولیمز نے روس کی کھلاڑی سویتلانا کزنیتسوا کو 5-7، 0-6 سے شکست دی۔ ان کی بہن اور عالمی درجہ بندی میں آٹھویں نمبر پر موجود وینس ولیمز نے اسپین کی کھلاڑی کو ایک سخت مقابلے کے بعد 6-7 اور 4-6 سے شکست دی۔ خیال رہے کہ مردوں کے سنگلز مقابلوں میں عالمی نمبر ایک نواک جوکویچ پہلے ہی شکست سے دوچار ہوچکے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT