Monday , July 23 2018
Home / کھیل کی خبریں / فیڈررنمبرایک مقام سے 3 فتوحات دور

فیڈررنمبرایک مقام سے 3 فتوحات دور

باسل۔10 فبروری (سیاست ڈاٹ کام )آسٹریلین اوپن چیمپیئن راجر فیڈرر کے پاس ایک مرتبہ پھرعالمی نمبر ون بننے کا موقع ہے اور وہ کل شروع ہو نے والے روٹر ڈیم اوپن میں سیمی فائنلز تک پہنچ کر موجودہ عالمی نمبر ایک رافل نڈال کو اس مقام سے محروم کرسکتے ہیں اگر36سالہ فیڈرر اس سفرمیںکامیاب رہے تو وہ نہ صرف اپنے کریئر میں چھٹی مرتبہ یہ اعزاز حاصل کریں گے بلکہ معمر ترین نمبر ایک کھلاڑی کے ریکارڈ میں امریکی کھلاڑی آندرے اگاسی کا ریکارڈ بھی توڑ دیں گے جنہوں نے ستمبر2003 میں33سال کی عمر میں چھٹی مرتبہ ہی نمبر ون بننے کا کارنامہ انجام دیا تھا۔عام خیال یہی تھا کہ گزشتہ ماہ مسلسل دوسری مرتبہ آسٹریلین اوپن جیتنے والے راجر فیڈرر کچھ عرصہ آرام کریں گے لیکن انہوں نے روٹرڈیم اوپن میں وائلڈ کارڈ داخلہ کے ذریعے ہالینڈ میں ہونے والے اس ٹورنمنٹ میں شرکت کا فیصلہ کیا۔ یہ اس ٹورنمنٹ کا45واں ایڈیشن بھی ہوگا۔فیڈرر کیلئے کوارٹر فائنل تک کی رسائی کسی قدر آسان بھی ہے کیونکہ پہلے مقابلے میں ٹورنمنٹ کے کوالیفائر کھلاڑی کے خلاف میدان میں اتریں گے جبکہ دوسرے راؤنڈ کا مقابلہ بھی ان کے لئے کسی قدر آسان ہی سمجھا جارہے لیکن کوارٹر فائنل میں انکا مقابلے ہم وطن اسٹانس لس واؤرنکا سے ہوگا جو کہ 2017 میں زخموں کی وجہ سے باہر رہنے کے بعد آسٹریلین اوپن کے ذریعہ واپسی کی ہے لیکن وہ سیزن کے پہلے گرانڈ سلام میں خاطر خواہ مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے۔واؤرنکا کو شکست دیکر فیڈرر 2012 اکٹوبر کے بعد پہلی مرتبہ دوبارہ پہلے مقام پر فائز ہوسکتے ہیں جب کہ وہ ماضی میں فروری 2004 میں اپنے کرئیر میں پہلی مرتبہ نمبرایک مقام حاصل کیا تھا جس پر وہ 303 ہفتوں تک فائز رہے ۔روٹر ڈیم ٹورنمنٹ کی خطابی دوڑ میں دفاعی چمپئین جوویلفریڈ سونگا،گریجار دمترو اور جرمنی کے ابھرتے اسٹار الیگزینڈر زیورف اہم نام ہیں ۔یاد رہے کہ ٹینس کی دنیا کے بے تاج بادشاہ راجر فیڈرر نے گذشتہ ماہ چھٹی مرتبہ آسٹریلین اوپن اور مجموعی طور پر کیریئر کا 20 واں گرانڈ سلام خطاب حاصل کرتے ہوئے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔م۔ فیڈرر 20 گرانڈ سلام جیتنے والے دنیا کے پہلے مرد کھلاڑی اور مجموعی طور پر چوتھے کھلاڑی ہیں، ویمنز سنگلز تاریخ میں سب سے زیادہ گرانڈ سلام خطابات جیتنے کا اعزاز آسٹریلیائی ٹینس کھلاڑی مارگریٹ کورٹ کو حاصل ہے جنہوں نے 24 خطابات اپنے نام کیے ہیں۔اس کے علاوہ امریکہ کی سرینا ولیمز 23 اور جرمن کھلاڑی اسٹیفی گراف کو 22 خطابات حاصل کئے ہیں۔مردوں میں فیڈرر 20 گرانڈ سلام خطابات کے ساتھ سب سے آگے ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر اسپین کے رافل نڈال (16 خطابات) اور تیسرے نمبر پر امریکہ کے سابق کھلاڑی پیٹ سمپراس (14 خطابات) ہیں- جبکہ سابق عالمی ایک سربیائی ٹینس اسٹار نواک جوکووچ 12 خطابات کے ساتھ اس دوڑ میں نمایاں نام ہے۔

TOPPOPULARRECENT