فیڈرر اور جوکووچ کی پیش قدمی

٭ برڈک نے سابق یو ایس اوپن چمپین ڈیل پوٹرو کو شکست دی
٭ خطاب کے دعویدار جرمن کھلاڑی زوریف کو حیران کن شکست

میلبورن۔ 20 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) دفاعی چمپین راجر فیڈرر نے 32 کھلاڑیوں کے مرحلے میں ایک اور آسان کامیابی حاصل کرتے ہوئے رچرڈ گیازگے کو راست سیٹوں میں 6-2، 7-5، 6-4 سے شکست دیتے ہوئے اپنے 20 ویں گرانڈ سلام کی سمت ایک اور قدم بڑھا لیا ہے۔ مرد زمرے کے سنگلز مقابلوں میں زخموں کے بعد صحت یابی کے بعد واپسی کرنے والے سابق عالمی نمبر ایک اور 6 مرتبہ کے آسٹریلین اوپن چمپین نواک جوکووچ نے بھی اسپین کے راموز وینولاس کو بہ آسانی راست سیٹوں میں 6-3، 6-3، 6-2 سے شکست دی، لیکن آج جس مقابلے کا شائقین کو بے صبری سے انتظار تھا ، وہ مسابقتی نہیں ہوا ، اور ٹامس برڈک نے خطاب کے دعویدار اور سابق یوایس اوپن چمپین یان مارٹن ڈیل پوٹرو کو بہ آسانی 6-3، 6-3، 6-2 سے شکست دی۔ دریں اثناء ڈومینک تھم نے منارینو کو 6-4، 6-2، 7-5 سے شکست دے کر اپنی پیش قدمی جاری رکھی۔ خاتون زمرے کے سنگلز مقابلوں میں سابق عالمی نمبر ایک انجیلک کربر اور ماریا شارا پووا کے میچ پر عوامی توجہ مرکوز تھی اور یہ مقابلہ بھی مسابقتی ثابت نہیں ہوا جہاں کربر نے یکطرفہ مقابلے میں شارا پووا کو 6-1، 6-3 سے شکست دی۔ ایک اور حیران کن نتیجہ اگنس ذکا راڈوانسکا کے اخراج کے ساتھ بھی ہوا ۔ انہیں شی نے بہ آسانی 6-2، 7-5 سے شکست دی۔ علاوہ ازیں دنیا کی نمبر ایک کھلاڑی سمونا ہالیپ نے ٹخنوں کے درد سے صحت حاصل کرتے ہوئے امریکہ کی لورین ڈیوس کو میراتھن مقابلے میں 4-6 6-4 15-13 سے شکست دے کر سال کے پہلے گرانڈ سلام آسٹریلین اوپن کے چوتھے دور میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ دنیا کی نمبر ایک رومانیہ کی ہالیپ نے فیصلہ کن سیٹ میں زبردست جدوجہد کی اور اپنی سروس پر جیت حاصل کرکے میچ تین گھنٹے اور 44 منٹ میں ختم کر دیا۔ انہوں نے اپنے پہلے میچ پوائنٹس پر جیت اپنے نام کی جب امریکی کھلاڑی نے 73 ویں ازخود غلطی کی۔ دونوں کھلاڑیوں نے زبردست کھیل کا مظاہرہ کیا اور اس بات کا اندازہ اس سے بات سے کیا جاسکتا ہے کہ فیصلہ کن سیٹ دو گھنٹے 22 منٹ طویل رہا۔ ہالیپ میلبورن پارک میں 2014 اور2015 میں کوارٹر فائنلسٹ رہ چکی ہیں۔اس دوران ایک اور حیران کن نتیجہ میں58 ویں درجہ کے جنوبی کوریا کے ہیون چنگ نے خطاب کے مضبوط دعویداروں میں شامل چوتھے درجہ جرمنی کے ایلگزینڈر جویریوف کو 5-7 7-6 2-6 6-3 6-0 سے شکست دے کر باہر کر دیا۔
امریکہ کی میڈیسن کیز نے 104 ویں درجہ کی رومانیہ کی اینا بوگدان کو 6-3 6-4 سے شکست دے کر چوتھے راؤنڈ میں داخلہ حاصل کیا ۔ یو ایس اوپن کی رنر اپ میڈیسن نے بغیر کوئی سٹ گنوائے چوتھے دور میں رسائی حاصل کرلی۔

TOPPOPULARRECENT