Sunday , September 23 2018
Home / کھیل کی خبریں / فیڈرر اور سرینا نے سنسناتی اوپن جیت لیا

فیڈرر اور سرینا نے سنسناتی اوپن جیت لیا

ماسن ۔ 18 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ایک سیٹ کی شکست کے باوجود راجر فیڈرر نے ریکارڈ چھٹی مرتبہ سنسناتی اوپن خطاب حاصل کرلیا ہے جبکہ خاتون زمرہ میں عالمی نمبر ایک سرینا ولیمس نے پہلی مرتبہ سنسناتی اوپن خطاب اپنے نام کیا ہے۔ فیڈرر نے شاندار ہفتہ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے فائنل میں اسپینی کھلاڑی ڈیوڈ فیرر کو 6-3 ، 1-6 ، 6-2 سے شکست دیتے ہوئے چھٹی مرتبہ فائنل میں رسائی اور چھٹی مرتبہ خطاب کا ریکارڈ برقرار رکھا ہے جبکہ گذشتہ 11 برسوں میں فیرر کے خلاف کھیلے گئے تمام 16 مقابلوں میں وہ صدفیصد فتوحات کے سلسلہ کو بھی برقرار رکھا ہے۔ اس دوران فیرر صرف 5 سیٹ میں فیڈرر کو شکست دینے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ ناقص مظاہروں کے بعد بالآخر فیڈرر ایک بڑا خطاب حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں جبکہ گذشتہ ہفتہ انہیں ٹورنٹو میں فرانسیسی کھلاڑی جو ویلفریڈ سونگا کے خلاف خطابی مقابلہ میں شکست ہوئی تھی۔ سنسناتی اوپن خطاب حاصل کرنے کے بعد فیڈرر نے کہا کہ میں گھر کو چھوٹے ٹرافی لیکر جارہا تھا لیکن بالآخر ایک بڑی ٹرافی حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا ہوں۔ خاتون زمرہ میں سرینا ولیمس نے باآسانی سابق عالمی نمبر ایک سربیا ٹینس اسٹار اینا ایوانووچ کو راست سیٹوں میں 6-4 ، 6-1 سے شکست دی۔ 62 منٹوں میں کامیابی کے ذریعہ سرینا نے پہلی مرتبہ یہاں خطاب حاصل کیا ہے۔ سرینا کو گذشتہ برس پہلی مرتبہ سنسناتی اوپن کے فائنل میں رسائی کا موقع ملا تھا تاہم وہ وکٹوریہ ایزرنکا کے خلاف تیسرے سیٹ میں ٹائی بریکر میں ناکام ہوئی تھی۔ دوسری جانب ایوانووچ جنہوں نے ایک دن قبل سیمی فائنل مقابلہ میں 3 گھنٹے طویل جدوجہد کے بعد شاراپوا کو شکست دی تھی لیکن اس طویل مقابلہ کی وجہ سے ایوانووچ فائنل میں تھکان کا شکار ہوگئی تھی۔

TOPPOPULARRECENT