Wednesday , December 19 2018

فیڈرر اور ووزنیاکی کی پہلے مقام پر واپسی

پیرس۔15 مئی(سیاست ڈاٹ کام) انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کی تازہ ترین اے ٹی پی اور ڈبلیو ٹی اے درجہ بندی میں راجر فیڈرر نے اپنے حریف رافیل نڈال کو پہلے مقام سے محروم کر کے ایک مرتبہ پھر عالمی نمبر ایک بننے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے جبکہ خواتین میں کیرولین ووزنیاکی بھی پہلے مقام پر فائز ہو گئیں ہیں۔آئی ٹی ایف نے میڈرڈ اوپن ٹینس ٹورنمنٹ کے بعد تازہ ترین اے ٹی پی اور ڈبلیو ٹی اے درجہ بندی جاری کر دی جس کے تحت مردوں میں سوئس اسٹار راجر فیڈرر نے ایک درجہ ترقی پا کر نڈال سے پہلا مقام چھین لیا۔فیڈرر نے 24 مارچ سے کوئی میچ نہیں کھیلا لیکن میڈرڈ اوپن کے کوارٹر فائنل میں رافل نڈال کی شکست کی بدولت وہ عالمی نمبر ایک بن گئے۔نئی درجہ بندی میں نڈال تنزلی کے بعد دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں جبکہ جرمن کھلاڑی اور میڈرڈ اوپن کے چیمپیئن الیگزینڈر زیوریف تیسرے، گریگور دمتروف چوتھے، مارلن سیلچ پانچویں اور جان مارٹن ڈیل پوٹرو چھٹے نمبر پر برقرار ہیں۔کیون اینڈرسن ایک مقام کی ترقی کے بعد ساتویں نمبر پر آ گئے جبکہ سیام کیوری، باٹسٹا ایگٹ، جیک ساک اور ڈائیگو فی کس ایک اور لیوکاس پاؤلی دو درجے ترقی کے ساتھ بالترتیب 12ویں، 13ویں، 14ویں، 15 اور 16ویں نمبر پر آ گئے۔سابق عالمی نمبر ایک سربیا کے نوواک جوکووچ 6 درجے تنزلی کے بعد 18ویں نمبر پر چلے گئے جو ان کی 2006 کے بعد سے سب سے بدترین رینکنگ ہے جبکہ کائل ایڈمونڈ تین مقامات کی ترقی کے بعد 19ویں اور ہیون چنگ ایک درجہ ترقی پا کر 20ویں نمبر پر آ گئے۔دوسری جانب خاتون زمرے کی درجہ بندی میں ڈنمارک کی کیرولین ووزنیاکی نے سیمونا ہیلپ کو پہلے مقام سے محروم کر دیا ہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں گربین مگوروزا تیسرے نمبر پر برقرار ہیں جبکہ کیرولینا پلسکووا، جلینا اوسٹا پینکو اور کیرولین گارشیا کی ایک، ایک درجے ترقی ہوئی ہے۔

TOPPOPULARRECENT