Monday , December 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / فیڈرر فرنچ اوپن سے دستبردار‘نڈال کیلئے آسانی

فیڈرر فرنچ اوپن سے دستبردار‘نڈال کیلئے آسانی

پیرس۔16مئی (سیاست ڈاٹ کام) 18مرتبہ  کے گرانڈ سلام فاتح سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر نے اپنے کیریئر کومزید طویل کرنے کا حوالہ دیتے ہوئے اس ماہ کے آخر میں شروع ہو رہے سال کے دوسرے گرانڈسلام فرنچ  اوپن ٹینس ٹورنمنٹ سے اپنا نام واپس لے لیا ہے ۔فیڈرر نے چوٹ کی وجہ سے چھ ماہ بعد رواں سال جنوری میں واپسی کی تھی اور سیزن کے  پہلے گرانڈ سلام آسٹریلین اوپن جیت کر اپنی واپسی کا جشن منایا تھا۔ فیڈرر کے مداحوں کو امید تھی کہ وہ اس وقت شاندار فارم میں ہیں اور کلے کورٹ پر اپنے کیریئر کا 19 واں گرانڈسلام جیت سکتے ہیں لیکن فیڈرر نے اس میگا ٹورنمنٹ سے نام واپس لے کر سب کو حیران کردیا ہے ۔ دنیا کے پانچویں نمبر کے کھلاڑی فیڈرر گزشتہ سال بھی اس ٹورنمنٹ سے دستبرادی اختیار کی تھی  اور اس سال انہوں نے ایک مرتبہ پھر 28 مئی تا11 جون ہونے والے اس میگا ٹورنمنٹ سے اپنا نام واپس لے لیا۔ فیڈرر کیلئے فرنچ  اوپن زیادہ کامیاب نہیں کہا جا سکتا اور انہوں نے سال2009 میں یہاں واحد خطاب جیتا ۔ فیڈرر نے اپنے فیس بک پیج پر کہا،چوٹ کے بعد واپسی کرتے ہوئے میں گزشتہ کئی مہینوں سے سخت محنت کر رہا ہوں۔ میں اور کئی سال کھیلنے چاہتا ہوں۔ میں نے محسوس کیا کہ اس سال کلے کورٹ میں نہ کھیلنے سے میں خود کو تازہ رکھ سکوں گا۔ میں فرنچ  اوپن سے دستبردار ہو رہا ہوں اور اب میرا پورا ہدف ومبلڈن میں بہتر کارکردگی کرنا اور خطاب جیتنا ہے ۔ انہوں نے کہا،میں نے اس سال چوٹ کے بعد واپسی کرتے ہوئے آسٹریلین اوپن جیتا ہوں جوکہ میرے کیریئر کے لئے بڑی اہمیت کا حامل تھا۔ مجھے اپنے کیریئر کو اورآگے تک لے جانا ہے جس کے لئے مجھے اپنے آئندہ مصروف پروگرام کو اور مختصر کرنا ہوگا۔ میں تبھی فٹ رہ سکوں گا جب میں وقفے وقفے سے آرام کرتا رہوں گا۔35 سالہ فیڈرر نے کہا،میرے فرنچ اوپن سے نام واپس لینے کی یہی وجہ ہے کہ میں باقی سیزن کیلئے خود کو فٹ رکھوں۔ یہ سال اب تک میرے لئے انتہائی شاندار رہا ہے اور میں نے آسٹریلین اوپن کے علاوہ، انڈین ویلز اور میامی اوپن کے خطابات جیتے ہیں۔ میں کچھ آرام کرنا چاہتا ہوں تاکہ ومبلڈن میں پوری تیاری کے ساتھ اتر سکوں۔ واضح رہے کہ ومبلڈن تین جولائی کو شروع ہو نے والا ہے اور فیڈرر سات مرتبہ یہاں چیمپئن رہ چکے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ فیڈرر کے فرنچ  اوپن سے دستبرداری کے بعد کلے کورٹ کے  بادشاہ کہے جانے والے اسپین کے رافل نڈال کا دعویداری مضبوط ہو گئی ہے ۔ نڈال میڈرڈ اوپن جیت کر اعتماد سے پُرہیں اور اس وقت اپنے 10 ویں فرنچ اوپن خطاب کو جیتنے کی غرض سے یہاں اتریں گے ۔

TOPPOPULARRECENT