Friday , September 21 2018
Home / کھیل کی خبریں / فیڈرر کی پیشقدمی، مرے کو شکست

فیڈرر کی پیشقدمی، مرے کو شکست

لندن ۔ 10 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) راجر فیڈرر پھر ایک مرتبہ کامیابی کی سمت واپس ہوچکے ہیں جیسا کہ انہوں نے لندن میں رواں اے ٹی پی ورلڈ ٹور فائنلس کے افتتاحی مقابلہ میں کینیڈا کے ٹینس اسٹار میلوس راونک کو 6-1 ، 7-6(7-0) سے شکست دیتے ہوئے نہ صرف گذشتہ ٹورنمنٹ پیرس ماسٹرس کے کوارٹر فائنل میں ہوئی شکست کا حساب برابر کرلیا بلکہ راونک کے اے ٹی پی ورلڈ ٹور فائنلس کے کریئر کے کامیاب آغاز کی امیدوں کو ختم کردیا۔ دوسری جانب جاپان کے نمبر ایک ٹینس اسٹار کائی نشی کوری جوکہ پہلی مرتبہ اے ٹی پی ورلڈ ٹور فائنلس میں رسائی حاصل کی ہے انہوں نے اس ٹورنمنٹ کے کریئر کا شاندار آغاز کرتے ہوئے مقامی کھلاڑی اینڈی مرے کو باآسانی 6-4 ، 6-4 سے شکست دی۔ 6 مرتبہ کے چمپیئن فیڈرر آخری مرتبہ یہاں لندن کے اوٹو ایرینا میں 2011ء میں خطاب حاصل کیا تھا اور اس مرتبہ وہ یہاں خطاب حاصل کرتے ہوئے نمبر ایک مقام پر بھی واپسی کیلئے کوشاں ہیں۔ 33 سالہ فیڈرر متواتر تیرہویں برس اس ٹورنمنٹ میں رسائی حاصل کرنے کا ریکارڈ بنانے کے علاوہ ٹورنمنٹ میں شرکت کرنے والے معمر ترین کھلاڑی ہونے کا بھی اعزاز حاصل کرلیا ہے۔ علاوہ ازیں انہیں رواں سیزن کے اختتام پر نمبر ایک مقام حاصل کرنے کا بھی موقع دستیاب ہے جس کیلئے انہیں رواں ٹورنمنٹ میں کامیابی حاصل کرنی ہوگی جس کی بدولت وہ معمر ترین نمبر ایک کھلاڑی بھی ہونے کا ریکارڈ اپنے نام درج کرلیں گے۔

TOPPOPULARRECENT