Wednesday , November 22 2017
Home / کھیل کی خبریں / فیڈرر کی 1100 ویں کامیابی

فیڈرر کی 1100 ویں کامیابی

لندن۔21 جون (سیاست ڈاٹ کام) گیری ویبر اوپن ٹینس میں ٹاپ سیڈ سوئس کھلاڑی راجر فیڈرر نے جاپانی حریف یوئیچی سوگیٹا کو شکست دیکر سیزن کی پہلی گراس کورٹ اور اپنے کرئیر کی 1100 ویں کامیابی حاصل کرلی ہے جو ومبلڈن کی تیاری کی سمت بڑھتا قدم ہے۔ تاہم ایگون چیمپئن شپس میں نمبر ایک سیڈ اینڈی مرے کی جورڈن تھامپسن کیخلاف شکست سے حیران کن نتیجہ سامنے آیا۔ ایگون کلاسک میں نمبر تین سیڈ ڈومینیکا سیبلکووا کا سفر ختم ہو گیا تو مالورکا اوپن سے گاربائن موگوروزا کی بھی رخصتی ہو گئی۔ جرمنی کے شہر ہالے میں جاری گیری ویبر اوپن میں ٹاپ سیڈ سوئس کھلاڑی راجر فیڈرر نے جاپانی حریف یوئیچی سوگیٹا کو 6-3 اور 6-1 سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔اسی مرحلے کے دیگر میچوں میں نمبر تین سیڈ جاپان کے کائی نشیکوری، ہالینڈ کے رابن ہاس،روس کے کیرن خاشانوف، آسٹریلیا کے برنارڈ ٹامک، روس کے میخائیل یوزنی اور جرمنی کے میسچا زویریو بھی 16راؤنڈ میں پہنچ گئے۔ برطانیہ کے شہر لندن میں جاری ایگون چیمپئن شپس میں اس وقت زبردست حیران کن نتیجہ دیکھنے میں آیا جب ٹاپ سیڈ اینڈی مرے کو آسٹریلین حریف جورڈن تھامپسن نے 7-6 اور 6-2 سے شکست دے کر ایونٹ سے رخصت کر دیا۔ اسی مرحلے کے دیگر میچوں میں اسپین کے فیلیسیانو لوپیز، آسٹریلیا کے تھاناسی کوکیناکس، نمبر چار سیڈ کروشیا کے مرین سلچ، فرانس کے جولین بینے ٹیو اور جرمی چارڈی،امریکہ کے اسٹیفان کوزولوف،لکسمبرگ کے جائلز مولر،روس کے ڈینل میڈیڈیو اور امریکہ کے سام کوئیری کے علاوہ سربیا کے وکٹر ٹرائیکی بھی 16 مرحلے میں جا پہنچے۔

TOPPOPULARRECENT