Thursday , April 26 2018
Home / کھیل کی خبریں / فیڈرر ہارڈ کورٹ پر مزید فتوحات کیلئے پرعزم

فیڈرر ہارڈ کورٹ پر مزید فتوحات کیلئے پرعزم

سنسناتی ۔ 12 اگست (سیاست ڈاٹ کام) کینیڈا میں خطابی مقابلہ میں شکست کے باوجود عالمی نمبر 3 راجر فیڈرر نے ان عزائم کا اظہار کیا ہیکہ سیزن کے آخری گرانڈ سلام یو ایس اوپن سے قبل وہ ہارڈ کورٹ میدانوں پر مزید فتوحات کیلئے پرامید ہیں۔ فیڈرر گذشتہ ہفتہ 33 برس کے ہوچکے ہیں اور انہیں راجرس کپ کے فائنل میں فرانسیسی ٹینس اسٹار جو ویلفریڈ سونگا کے خلاف 7-5 ، 7-6(7-2) کی شکست برداشت کرنی پڑی اور اس طرح 7 فائنل مقابلے کھیلنے کے باوجود وہ سیزن کا تیسرا خطاب حاصل نہیں کر پائے ہیں۔ یو ایس اوپن سے قبل رواں ہفتہ سنسناتی اوپن ٹورنمنٹ کا انعقاد عمل میں آرہا ہے جوکہ سیزن کے آخری گرانڈ سلام کیلئے تیاری کا ٹورنمنٹ تصور کیا جاتا ہے۔

اس ضمن میں اظہارخیال کرتے ہوئے فیڈرر نے کہا کہ مجموعی طور پر وہ اپنے مظاہروں سے مطمئن ہیں کیونکہ ہارڈکورٹ پر کھیلے جانے والے سیزن کے پہلے ہی ٹورنمنٹ میں انہوں نے فائنل تک رسائی حاصل کی ہے۔ فیڈرر نے مزید کہاکہ گذشتہ ٹورنمنٹ میں چند مقابلے کافی مسابقتی رہے جس سے مجھے میدان کے برتاؤ کا اچھا خاصہ علم ہوا ہے۔ ان مظاہروں کی بدولت اندازہ ہوا ہیکہ آئندہ چند دنوں میں مجھے ان میدانوں پر کس طرح کا کھیل پیش کرنا ہے۔ فیڈرر یو ایس اوپن میں خطاب کیلئے پرعزم ہیں کیونکہ ان کا ماننا ہیکہ موجودہ فام سے وہ مطمئن ہیں اور خود کو خطاب کے دعویداروں میں محسوس کررہے ہیں۔ فیڈرر یہاں سنسناتی میں اپنے چھٹے خطاب کا تعاقب کررہے ہیں جبکہ اس ٹورنمنٹ میں خاتون زمرہ کے مقابلے بھی موجود ہیں۔ سنسناتی اوپن کے پہلے مقابلے میں فیڈرر کو بائی ملا ہے جبکہ دوسرے مرحلہ میں ان کا مقابلہ راڈک اسٹپنک اور واسک پوسپی سل کے درمیان ہونے والے مقابلے کے فاتح کھلاڑی سے ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT