Wednesday , November 22 2017
Home / کھیل کی خبریں / فیڈرر 14 برس میں پہلی مرتبہ ٹاپ 10 سے باہر

فیڈرر 14 برس میں پہلی مرتبہ ٹاپ 10 سے باہر

پیرس۔7 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ٹینس کی تازہ ترین عالمی درجہ بندی میں جہاں برطانیہ کے اینڈی مرے سرکاری طور پر نمبر ایک کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرلیا ہے وہیں عالمی ریکارڈ یافتہ 17 مرتبہ کے گرانڈ سلام چمپئن راجر فیڈرر 14 برس میں پہلی مرتبہ سر فہرست 10 کھلاڑیوں میں شامل نہیں ہوپائے ہیں۔ تازہ ترین درجہ بندی میں راجر فیڈرر 9 ویں مقام سے تنزلی کے بعد 16 ویں مقام پر پہنچ چکے ہیں جبکہ 2002ء میں ان کی سب سے نچلی درجہ بندی 13 واں مقام تھا۔ فیڈرر جنہوں نے 2012ء میں اپنا آخری اور کریئر کا 17 واں گرانڈ سلام حاصل کیا ہے ، وہ تازہ ترین درجہ بندی میں ناقص مظاہروں کی بجائے زخموں کی وجہ سے بیشتر ٹورنمنٹس میں شرکت نہ کرنے کی وجہ سے سرفہرست 10 کھلاڑیوں میں شامل نہیں ہوپائے ہیں۔ فیڈرر جنہوں نے جولائی میں ویمبلڈن کے سیمی فائنل میں پانچ سٹوں کا مقابلہ کنیڈا کے میلوسرانک کے خلاف ہارا تھا اس وقت ان کا درجہ بندی میں تیسرا مقام تھا۔ لیکن اس مقابلہ کے دوران فیڈرر گھٹنے کی تکلیف میں مبتلا ہوئے جس کے بعد رواں سیزن کے ماباقی ٹورنمنٹس میں بھی وہ شرکت سے محروم ہوچکے ہیں۔ اگست میں 35 ویں سالگرہ منانے والے فیڈرر نے سبکدوشی کی تمام تر پیش قیاسیوں کو مسترد کرتے ہوئے 2017ء سیزن میں واپسی کے لئے تیاری کی تفصیلات جاری کردی ہیں۔ دریں اثناء فیڈرر کے سابق کوچ اسٹیفن ایڈبرگ نے بھی اپنے حالیہ بیان میں فیڈرر سے ایک اور گرانڈ سلام کامیابی کی امید کا اظہار کیا تاہم ان کے لئے مقابلے سخت ہونے کے امکانات کو بھی مسترد نہیں کیا ہے۔ فیڈرر ہنوز آمدنی کی فہرست میں دنیا کے چوتھے دولتمند کھلاڑی ہیں جیسا کہ فوربس کی جانب سے جاری کردہ فہرست میں وہ 67.8 ملین ڈالرس کی آمدنی کے ساتھ چوتھے مقام پر ہیں۔ فیڈرر نے خود 2017ء سیزن میں شاندار واپسی کے لئے اپنی تیاریوں کے متعلق کہا ہے کہ وہ مکمل واپسی کی راہ پر آچکے ہیں۔ فیڈرر نے امید ظاہر کی ہے کہ وہ جو سخت مشق کررہے ہیں، اس کی بدولت وہ آئندہ سیزن صدفیصد فٹ رہیں گے اور مسابقتی ٹینس کے لئے خود کو تیار رکھیں گے۔ حالیہ برسوں میں فیڈرر کے ہمراہ ان کے کٹر حریف سابق عالمی نمبر ایک رافل نڈال بھی مسلسل تنزلی کا شکار ہیں۔

TOPPOPULARRECENT