ف12فیصد تحفظات کی فراہمی کے تعلق سے آج احتجاجی جلسہ

پروفیسر کودنڈارام‘ نیوز ایڈیٹر’سیاست‘ جناب عامر علی خان اور دیگر کی شرکت
ظہیرآباد ۔11ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاست تلنگانہ کے مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات کی فراہمی کے وعدہ کو وفا کرنے ‘ سدھیر کمیشن کی سفارشات کو روبہ عمل لانے اور علحدہ اردو ڈی ایس سی منعقد کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے صدر ویلفیر پارٹی آف انڈیا یونٹ ظہیرآباد حافظ ارشاد کی قیادت میں مسلم نوجوانوں پر مشتمل قافلہ آج صبح 10.30 بجے یہاں انسپکشن بنگلہ سے روانہ ہوا جو پیدل سفر کرتے ہوئے 12ڈسمبر کو دوپہر سنگاریڈی چوراہا پہنچ کر احتجاجی جلسہ میں تبدیل ہوجائے گا جسے نیوز ایڈیٹر’’سیاست‘‘ جناب عامر علی خان ‘ پروفیسر کودنڈارام ریڈی ‘ محمد عبدالقادر فیصل سکریٹری تلنگانہ یونین آف ورکنگ جرنلسٹس اور دوسرے خطاب کریں گے ۔ بعدازاں ایک یادداشت ضلع کلکٹر کو دی جائے گی ۔ مسلمانوں کے جائز مطالبات کی عاجلانہ یکسوئی کیلئے حکومت وقت کی توجہ مبذول کرانے آج صبح ظہیرآباد تا سنگاریڈی پیدل سفر پر روانہ ہونے والے قافلہ کو پروفیسر اننیتا سابق پرنسپال گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیرآباد ‘ مولانا محمود پٹیل قاسمی جنرل سکریٹری ریاستی جمعیت العلماء ‘ محمد مسعود حسین صدر تلگودیشم ظہیرآباد ٹاؤن ‘ محمد یوسف سابق ڈائرکٹر ریاستی اقلیتی مالیاتی کمیشن ‘ محمد اشفاق صدر انصاف کمیٹی ظہیرآباد اور اسٹوڈنٹس آف اسلامک آرگنائزیشن کے طلبہ کی قابل لحاظ تعداد نے وداع کیا ۔ یہ قافلہ طئے شدہ پروگرام کے مطابق آج راست سدا سیو پیٹ میں توقف کرتے ہوئے شب بسری کرے گا اور وہاں سے 12 ڈسمبر کو دوپہر سنگاریڈی پہنچے گا جس کا سرکردہ قائدین خیرمقدم کریں گے ۔ اس موقع پر منعقد شدنی احتجاجی جلسہ میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کرنے کی انصاف پسند عوام سے پُرزور خواہش کی گئی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT