Saturday , November 18 2017
Home / شہر کی خبریں / ف12فیصد مسلم تحفظات میں کے سی آر سنجیدہ

ف12فیصد مسلم تحفظات میں کے سی آر سنجیدہ

ٹی آر ایس کو اقلیتوں کی زبردست تائید، سینئر ٹی آر ایس قائد سلطان قادری کا ردعمل
حیدرآباد۔/21جنوری، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے سینئر قائد صوفی سلطان قادری شطاری نے کہا کہ مسلمانوں کو تعلیم اور روزگار میں 12فیصد تحفظات کی فراہمی میں ٹی آر ایس حکومت سنجیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے اس سلسلہ میں بارہا تیقن دیتے ہوئے حکومت کی سنجیدگی کا اظہار کیا ہے۔ ملک پیٹ اور دیگر حلقوں میں پارٹی کی انتخابی مہم میں مصروف سلطان قادری جو ٹی آر ایس کے ریاستی جنرل سکریٹری ہیں کہا کہ گریٹر انتخابات میں ٹی آر ایس کو مسلم اقلیت کی زبردست تائید حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے اقلیتوں کی تعلیمی و معاشی ترقی کیلئے جن اسکیمات کا آغاز کیا ہے وہ ملک بھر میں مثالی ہیں۔ کوئی اور ریاست اس طرح کی اسکیمات کا ریکارڈ پیش نہیں کرسکتی۔ اقلیتی بہبود کیلئے بجٹ میں اضافہ کیا گیا اور شادی مبارک جیسی منفرد اسکیم کے ذریعہ غریب خاندانوں کی لڑکیوں کی شادی میں رکاوٹ کو دورکیا گیا ہے۔ معاشی پسماندگی کے سبب کئی خاندان شادی کے اخراجات کے متحمل نہیں ہوسکتے تھے لہذا حکومت نے فی کس 51ہزار روپئے امداد فراہم کرنے کا فیصلہ کیا جس کے تحت ایک سال میں25 ہزار سے زائد غریب خاندانوں کو فائدہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ شادی سے قبل اور اس کے بعد بھی اس اسکیم سے استفادہ کیا جاسکتاہے۔ اسکیم پر موثر عمل آوری کیلئے حکومت نے شرائط میں نرمی پیدا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرانے شہر کی ترقی اور مسلم اقلیت کی فلاح و بہبود صرف ٹی آر ایس سے ممکن ہے اور اپوزیشن جماعتوں کے دعوے بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 18ماہ میں ٹی آر ایس حکومت نے پرانے شہر کی ترقی کیلئے کافی فنڈز جاری کئے ہیں اور نوجوانوں کو مختلف کورسیس میں ٹریننگ اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے کئی ٹریننگ کورسیس کا آغاز کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ معیاری خانگی کمپنیوں میں ٹریننگ اور ملازمت کے مواقع فراہم کرنا ٹی آر ایس حکومت کا کارنامہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرانے شہر میں ٹی آر ایس کی بڑھتی مقبولیت سے اپوزیشن جماعتیں بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجلس جو خود کو پرانے شہر اور مسلمانوں کی واحد نمائندہ جماعت کا دعویٰ کرتی رہی ہے اسے بھی گریٹر انتخابات میں ٹی آر ایس کی طاقت کا اندازہ ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے فنڈز پر اپنا سہرا باندھنا اپوزیشن جماعتوں کی عادت ہے لیکن عوام باشعور ہیں اور وہ گریٹر انتخابات میں ٹی آر ایس کو بھاری اکثریت سے کامیاب کریں گے۔سلطان شطاری نے اقلیتی رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ جذباتی تقاریر اور نعروں کا شکار ہوئے بغیر ٹی آر ایس کی تائید کریں تاکہ اولڈ سٹی کو گولڈ سٹی میں تبدیل کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ حکومت آئندہ مالیاتی سال اقلیتوں کیلئے مزید نئی اسکیمات کا منصوبہ رکھتی ہے۔ سلطان شطاری نے ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کی ستائش کی اور کہا کہ اقلیتی اسکیمات پر موثر عمل آوری کیلئے ڈپٹی چیف منسٹر کی نگرانی اور کوششوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ وہ تلنگانہ میں مقبول ترین وزیر بن چکے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT